فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سوساں روڈ موڑ اور زینب مسجد والی گلی کے سامنے روڈ پر سیوریج کے گندے پانی نے تباہی مچا دی، پانی جمع ہونے سے نئی تعمیر ہونیوالی سوساں روڈ کے ٹوٹنے کا خدشہ’ شہری حلقوں کا ایم ڈی واسا سے سوساں روڈ پر گٹروں کی صفائی کروانے کا مطالبہ۔ تفصیل کے مطابق جڑانوالہ روڈ سے موڑ سے مڑتے ہی سوسا ں روڈ اور زینب مسجد والی گلی کے سامنے سیوریج کا گندہ پانی کھڑا رہتا ہے۔ اس سے اٹھنے والے تعفن کے باعث سانس لینا بھی دوبھر ہو چکا ہے جبکہ گزرنے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ کچھ عرصہ قبل ہی سوساں روڈ کی دوبارہ تعمیر کی گئی ہے۔ سیوریج کا پانی جمع ہونے سے جلد ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو جائے گی۔ شہری حلقوں نے کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں’ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر’ ایم ڈی واسا ثاقب رضا اور ارباب اختیار سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ سوساں روڈ پر گٹروں کی صفائی کروائی جائے اور سوساں روڈ پر سیوریج کے گندے پانی کی نکاسی کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں۔




