ہمارے ڈراموں کا معیار بالکل تباہ ہو گیا ہے۔ عصمت زیدی

کراچی (شوبز نیوز) پاکستان کی سینئر اداکارہ عصمت زیدی نے ڈرامہ انڈسٹری میں سینیئرز کے ساتھ ہونے والے برے سلوک اور غیر پیشہ ورانہ رویوں کا پردہ چاک کر دیا ہے۔پچھلی چار دہائیوں سے ٹیلی ویژن انڈسٹری سے وابستہ عصمت زیدی نے متعدد بڑے اور کامیاب ڈراموں میں کام کیا ہے اور ملک کے تمام نامور فنکاروں کے ساتھ اسکرین شیئر کی ہے۔حال ہی میں ایک مارننگ شو میں بطور مہمان شرکت کے دوران انہوں نے انڈسٹری کے موجودہ ماحول، نظام کی خرابیوں اور سینیئر اداکاروں کے ساتھ سیٹ پر پیش آنے والے تلخ تجربات کے بارے میں کھل کر گفتگو کی۔عصمت زیدی نے شو کے دوران بات کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ ہمارے ڈراموں کے سیٹ کا روزمرہ کا طریقہ کار بالکل تباہ ہو چکا ہے، یہاں اداکاروں سے بارہ بارہ گھنٹے سے بھی زیادہ طویل شفٹوں میں کام لیا جاتا ہے اور کسی کو بھی پہلے سے یہ نہیں بتایا جاتا کہ ان کے مناظر اصل میں کب شوٹ کیے جائیں گے۔انہوں نے نئے اسٹارز کے نخروں پر بات کرتے ہوئے مزید کہا کہ مرکزی کردار نبھانے والے نئے اداکار جب چاہیں اپنی مرضی سے شوٹنگ منسوخ کروا دیتے ہیں اور اس دوران انڈسٹری کے دوسرے فنکاروں سے یہ تک نہیں پوچھا جاتا کہ وہ اس نئی تاریخ پر دستیاب ہیں یا نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ باقی سب کو نئے آنے والے اسٹارز کی خواہشات کے مطابق ہی جینا پڑتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں