فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) مسلم لیگ ن مینارٹیز ونگ پنجاب کے صدر سینیٹر سردارخلیل طاہرسندھو نے کہاہے کہ پی ٹی آئی کی اب کوئی تحریک کامیاب نہیں ہوسکتی اس کے اپنے ارکان اسمبلی سمیت کارکن باہر نکلنے کے لیے تیارنہیں اس لئے اسکی تحریک سوشل میڈیا تک محدود ہے ۔ وزیراعظم میاں شہباز شریف نے پارٹی قائد میاں نوازشریف کی ہدا یت پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی کمی کی ہے تاہم اللہ تعالی کے حکم ہے ایران امریکہ کے معاملات سلجھنے والے ہیں جس کے بعد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں وسیع پیمانے پر کمی ہوگی اورمعاشی حالات بھی درست ہوں گے۔ جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی دوتین دھڑوں میں تقسیم ہے ایک پیج پرنہیں اس کی خواہش کے مطابق مزاکرات ممکن نہیں جبکہ کسی ایک فردکے لئے شرط بھی قابل قبول نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلیوں سے استعفے، سول نافرمانی اور آئی ایم ایف کو خط کے بعد بات ملاقات تک آگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدالتی فیصلوں کی موجودگی میں کچھ نہیں کیاجا سکتا۔ پی ٹی آئی کے بعض ارکان ڈیل پیکج لے کر حکومت کے پاس آتے ہیں مگر حکومت نے کبھی ان کو ڈیل کی پیشکش نہیں کی۔ بانی پی ٹی آئی کا غیر سیاسی رویہ ہے جس کے وہ خود بھی وکٹم ہیں۔




