غذا صرف توانائی کا ذریعہ نہیں، یہ دوا کی طرح کام کرتی ہے۔ جدید میڈیکل سائنس اس بات کو مانتی ہے کہ 70فیصد دائمی بیماریوں کا تعلق براہِ راست کھانے پینے کی عادات سے ہوتا ہے۔ اگر غذا کو درست کر لیا جائے تو کئی بیماریوں کا کنٹرول، اور بعض صورتوں میں بچائو، ممکن ہو جاتا ہے۔
1۔ ذیابیطس اور بلڈ شوگر کنٹرول
ذیابیطس ٹائپ 2میں جسم انسولین کو صحیح طریقے سے استعمال نہیں کر پاتا۔ اس کا حل صرف دوا نہیں، بلکہ گلیسیمک انڈیکس کم والی غذا ہے۔
کیا کھائیں: چوکر والا آٹا، دلیہ، جو، دالیں’ ہری سبزیاں، میتھی، کریلا’ بادام، اخروٹ، بیج ۔ یہ انسولین کی حساسیت بہتر کرتے ہیں۔
کیا پرہیز کریں: سفید چاول، میدہ، چینی، کولڈ ڈرنکس’ بار ناشتہ یا رات دیر سے کھانا
اصول: ہر کھانے میں پروٹین +فائبر +صحت مند چکنائی شامل ہو تاکہ شوگر کا سپائک نہ آئے۔
2 ۔ بلڈ پریشر اور دل کی بیماریاں
زیادہ نمک، ٹرانس فیٹ اور بیٹھے رہنے کا طرزِ زندگی دل کی شریانوں کو تنگ کر دیتا ہے۔
دل دوست غذا: پوٹاشیم سے بھرپور غذائیں: کیلا، پالک، ٹماٹر
اومیگا 3: مچھلی، السی کے بیج، اخروٹ’ زیتون کا تیل اور لہسن ‘ یہ کولیسٹرول کم کرتے ہیں
پرہیز: اچار، چپس، فاسٹ فوڈ، سرخ گوشت کی زیادتی۔
DASHڈائیٹ نامی پلان سائنسی طور پر بلڈ پریشر کم کرنے میں موثر ثابت ہوا ہے۔
3۔ نظام ہاضمہ کی بیماریاں IBS، گیس، قبض
غیر متوازن غذا، تلی ہوئی اشیا اور پانی کی کمی نظام ہاضمہ کو خراب کرتی ہے۔
بہتری کے لیے: فائبر بتدریج بڑھائیں: سبزیاں، پھل، دالیں’ پروبائیوٹکس: دہی، لسی، اچار گھر کا بنا ہوا’ کھانا آہستہ چبائیں اور کھانے کے فورا بعد لیٹنے سے بچیں
نوٹ: IBSمیں ہر مریض کے لیے ٹرگر فوڈ مختلف ہوتا ہے۔ عام ٹرگرز چائے، کافی، دودھ، دالیں اور گوبھی ہیں۔
4۔ معدنیات اور وٹامن کی کمی سے جڑی بیماریاں۔ آئرن کی کمی: تھکن، چہرے کی زردی۔ حل: چقندر، انار، کلیجی، دالیں، ساتھ وٹامن سی لیں تاکہ جذب بہتر ہو۔- وٹامن ڈی کی کمی: ہڈیوں کا درد، کمزوری۔ حل: دھوپ میں 15منٹ، انڈے کی زردی، مچھلی۔کیلشیم کی کمی: ہڈیوں کا بھربھرا ہونا۔ حل: دودھ، دہی، تل، پالک۔
خلاصہ: کوئی بھی غذا ”سب کے لیے ایک” نہیں ہوتی۔ بیماری کی نوعیت، عمر، وزن اور طرزِ زندگی کے حساب سے ڈائیٹ پلان بدلتا ہے۔ سب سے اہم اصول یہ ہے: پوری، غیر پراسیسڈ غذا کھائیں، اعتدال رکھیں، اور اپنے جسم کے اشارے سنیں۔غذا کو دوا بنائیں، ورنہ دوا کو غذا بنانا پڑے گا۔




