فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر احتشام واہلہ کی زیر صدار ت ریسکیو 1122سنٹرل اسٹیشن میں عید الاضحی کے حوالے سے خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایمرجنسی آفیسر غلام شبیر سمیت تمام آفیسرز، تحصیل انچارجز اور مختلف ونگز کے افسران نے شرکت کی ۔ اجلاس کے دوران عید الاضحی کے ایمرجنسی کور پلان پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اور ضلع بھر میں تمام ایمرجنسی پوائنٹس کو مکمل طور پر فعال رکھنے کے احکامات جاری کیے گئے۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر احتشام واہلہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عید الاضحی کے دوران تمام ریسکیورز اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریاں جذبہ خدمت کے تحت سرانجام دیں گے جبکہ کسی بھی قسم کی غفلت، سستی یا لاپرواہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ایمرجنسی وہیکلز، فائر وہیکلز، ایمبولینسز، موٹر بائیک ایمبولینس سروس، ریسکیو آلات اور کمیونیکیشن سسٹم کو مکمل طور پر فعال رکھا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری رسپانس فراہم کیا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلع بھر کی تمام مساجد، عید گاہوں، اہم شاہراہوں اور تفریحی مقامات پر خصوصی 40 سے زائد ریسکیو پوسٹیں قائم کی گئی ہے، جہاں ریسکیو 1122 کی ایمبولینسز، موٹر بائیک ایمبولینس سروس، فائر سروس اور دیگر ریسکیو وسائل ہمہ وقت موجود رہیں گے۔ اس کے علاوہ ریسکیو سٹاف کے ساتھ ساتھ ریسکیو والنٹیرز بھی ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔ بیک اپ ٹیمیں بھی ریسکیو اسٹیشنز میں الرٹ رہیں گی تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔ریسکیو 1122 فیصل آباد کا کنٹرول روم عید کے ایام میں 24 گھنٹے ہائی الرٹ رہے گا جبکہ کنٹرول روم کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے گی۔




