ساہیوال ( بیورو چیف)محکمہ ٹریفک کے عملے کی نا اہلی کے باعث عید الضحیٰ کی آمد سے قبل لگائی گئی مویشی منڈی شہریوں کے لئے وبال جان بن گئی ساہیوال سے پاکپتن کو آنے اور جانے والی ٹریفک کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سڑک پر جانوروں اور گاڑیوں کے بے ہنگم رش کی وجہ سے کئی کئی گھنٹے ٹریفک معطل رہتی ہے آنے اور جانے والی گاڑیوں کو بھی پریشانی اٹھانا پڑتی ہے۔شہری حلقوں نے الزام عائد کیا ہے کہ ٹریفک پولیس کی ڈیوٹی ٹریفک کی روانی بہتر بنانے اور شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے بجائے مختلف مقامات پر ناکے لگا کر چالان کرنے میں مصروف رہتی ہے، جس سے صورتحال مزید خراب ہو جاتی ہے۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ سڑک بلاک ہونے کی وجہ سے ایمبولینسیں بھی وقت پر نہیں گزر پاتیں جو کسی بڑے حادثے یا انسانی جان کے ضیاع کا سبب بن سکتا ہے۔اہل علاقہ نے ڈ ی پی او ساہیوال سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔




