مہنگائی: عوام کے لیے بڑھتاہواچیلنج

آج کے دور میں مہنگائی پاکستان کا ایک نہایت سنگین اور اہم مسئلہ بن چکی ہے۔ روزمرہ استعمال کی اشیا کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ عام آدمی کی زندگی کو شدید متاثر کر رہا ہے۔ آٹا، چینی، گھی، دالیں، سبزیاں، دودھ، بجلی، گیس اور پیٹرول جیسی بنیادی ضروریات کی قیمتیں اس قدر بڑھ چکی ہیں کہ متوسط اور غریب طبقہ شدید پریشانی کا شکار ہے۔ عام شہری اپنی محدود آمدنی میں گھر کا خرچ پورا کرنے سے قاصر نظر آتا ہے جبکہ کئی خاندان دو وقت کی روٹی کا انتظام کرنے میں بھی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ مہنگائی کی سب سے بڑی وجہ معاشی عدم استحکام، بیروزگاری، ڈالر کی بڑھتی ہوئی قیمت، درآمدات پر زیادہ انحصار اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر منا سب کنٹرول نہ ہونا ہے۔ اس کے علاوہ ذخیرہ اندوزی، منافع خوری اور بدعنوانی بھی مہنگا ئی میں اضافے کا باعث بنتی ہیں ۔ جب بازار میں اشیا کی قیمتیں بڑھتی ہیں تو عوام کی آمدنی کم پڑ جاتی ہے اور گھریلو بجٹ بری طرح متاثر ہوتا ہے۔ خاص طور پر مزدور طبقہ، دیہاڑی دار افراد اور تنخواہ دار طبقہ اس صورتحال سے سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں کیونکہ ان کی آمدنی محدود جبکہ اخراجات مسلسل بڑھتے جا رہے ہیں۔مہنگائی کے باعث نہ صرف لوگوں کی قوتِ خرید کم ہوئی ہے بلکہ ذہنی دبائو، گھریلو پریشانیوں اور معاشرتی مسائل میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ کئی خاندان اپنے بچوں کی تعلیم، علاج اور دیگر ضروریات پوری کرنے میں مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ بعض والدین اپنے بچوں کی خواہشات پوری نہ کر سکنے کی وجہ سے ذہنی اذیت محسوس کرتے ہیں۔ نوجوان طبقہ بہتر مستقبل، روزگار اور خوشحال زندگی کے حوالے سے مایوسی کا شکار ہوتا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ جرائم، چوری اور سماجی بے چینی میں بھی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے کیونکہ جب لوگوں کی بنیادی ضروریات پوری نہیں ہوتیں تو معاشرے پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ دیہی علاقوں میں رہنے والے افراد بھی مہنگائی سے شدید متاثر ہیں۔ کھاد، بیج، زرعی ادویات اور ایندھن کی قیمتوں میں اضافے نے کسانوں کے لیے نئی مشکلات پیدا کر دی ہیں ۔ دوسری جانب شہروں میں کرایوں، ٹرانسپورٹ، بجلی کے بلوں اور تعلیمی اخراجات میں مسلسل اضافہ شہری زندگی کو مزید دشوار بنا رہا ہے۔ متوسط طبقہ جو کسی بھی ملک کی معیشت میں اہم کردار ادا کرتا ہے، آج سب سے زیادہ دبائو کا شکار دکھائی دیتا ہے۔مہنگائی کے منفی اثرات صرف گھریلو زندگی تک محدود نہیں بلکہ قومی ترقی پر بھی اثر انداز ہوتے ہیں۔ جب عوام کی اکثریت مالی مشکلات کا شکار ہو تو ملک میں کاروبار ی سرگرمیاں، سرمایہ کاری اور معاشی ترقی بھی متاثر ہوتی ہے۔ عوام کی قوتِ خرید کم ہونے سے مارکیٹو ں میں کاروبار سست پڑ جاتا ہے اور بے روزگاری میں مزید اضافہ ہوتا ہے۔ اس صورتحال سے ملکی معیشت کمزور ہوتی ہے اور ترقی کا عمل متاثر ہوتا ہے۔حکومت کو چاہیے کہ مہنگائی پر قابو پانے کے لیے مؤثر اور عملی اقدامات کرے۔ ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، مارکیٹ کی نگرانی بہتر بنائی جائے اور عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔ ضروری اشیا کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں۔ اس کے ساتھ ساتھ روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا، صنعتوں کو فروغ دینا، برآمدات میں اضافہ کرنا اور معیشت کو مستحکم بنانا بھی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اگر حکومت، تاجر برادری اور متعلقہ ادارے مل کر سنجیدگی سے اقدامات کریں تو مہنگائی میں کمی لائی جا سکتی ہے۔عوام کو بھی چاہیے کہ فضول خرچی سے بچیں، سادگی اختیار کریں اور ملکی ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ معاشرے میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون اور ہمدردی کا جذبہ فروغ دینا بھی ضروری ہے تاکہ مشکلات کا مقابلہ اجتماعی طور پر کیا جا سکے۔اگر مہنگائی پر بروقت قابو نہ پایا گیا تو یہ مسئلہ مستقبل میں مزید سنگین صورت اختیار کر سکتا ہے۔ ایک مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ معاشرے کے لیے ضروری ہے کہ عوام کو بنیادی سہولیات مناسب قیمتوں پر فراہم کی جائیں تاکہ وہ بہتر، پرسکون اور باوقار زندگی گزار سکیں۔ مہنگائی کا خاتمہ ہی عوامی خوشحالی، سماجی استحکام اور قومی ترقی کی ضمانت ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں