چترال (سپورٹس نیوز) پری شندور پولو ٹورنامنٹ 2026 شان دار مقابلوں کے بعد اختتام پذیر ہو گیا، ٹورنامنٹ کے فائنل میچ میں چترال اسکاٹس اے نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن چترال لیویز اے کو 1 کے مقابلے میں 4 گول سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔فائنل میچ میں دونوں ٹیموں کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے میں آیا، تاہم چترال اسکاٹس اے نے عمدہ ٹیم ورک اور جارحانہ کھیل کی بدولت کام یابی حاصل کی۔ٹورنامنٹ کے اختتام پر چترال اسکاٹس کے ٹیم کمانڈر صوبیدار میجر اسرار ولی خان کو مین آف دی ٹورنامنٹ جب کہ حوالدار آصف حسین کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن چترال لیویز کے ٹیم کپتان اظہار علی خان کے گھوڑے نے بیسٹ ہارس کا ایوارڈ حاصل کیا۔فائنل میچ کے مہمانِ خصوصی کمانڈنٹ چترال اسکاٹس کرنل ارسلان تھے، جنھوں نے کامیاب اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں، انعامات اور اسناد تقسیم کیں۔ اس موقع پر انھوں نے فاتح ٹیم کے لیے 2 لاکھ روپے جب کہ رنر اپ ٹیم کے لیے ایک لاکھ روپے نقد انعام کا اعلان بھی کیا۔پری شندور پولو ٹورنامنٹ کے فائنل میچ کو دیکھنے کے لیے چترال کے مختلف علاقوں کے علاوہ گلگت بلتستان، ملک کے دیگر شہروں اور بیرونِ ملک سے آنے والے فری اسٹائل پولو کے ہزاروں شائقین نے شرکت کی۔ ایک اندازے کے مطابق تقریبا 30 ہزار تماشائیوں نے فائنل میچ دیکھا اور کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔ شائقین پولو نے ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد کو سراہتے ہوئے اسے خطے میں کھیلوں کے فروغ اور سیاحت کے لیے اہم قرار دیا۔مہمان خصوصی اور ڈپٹی کمشنر لوئر چترال کا کہنا ہے کہ چترال کے لوگ شاہانہ مزاج اور بلند حوصلوں کے مالک ہیں۔ مہنگائی کے اس دور میں بھی وہ اپنے گھوڑوں کی پرورش اور دیکھ بھال پر خطیر اخراجات برداشت کرتے ہوئے اپنی روایتی کھیل پولو سے والہانہ محبت کا ثبوت دے رہے ہیں۔پولو صرف ایک کھیل نہیں بلکہ چترال کی ثقافت، روایات اور شناخت کا اہم حصہ ہے۔




