سرجری کے بعد میرب علی صحت یاب۔ مداحوں کی نیک خواہشات کا شکریہ

اسلام آباد (شوبز نیوز) اداکارہ میرب علی نے کہا ہے کہ انہیں انگلی کے مسئلے کے باعث سرجری کروانا پڑی جس کے بعد وہ اسپتال میں زیر علاج رہیں۔فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اداکارہ میرب علی نے بتایا کہ ان کی ایک انگلی میں حرکت محدود ہوگئی تھی اور وہ بار بار لاک ہوجاتی تھی جس کے باعث روزمرہ امور انجام دینا مشکل ہورہا تھا۔انہوں نے بتایا کہ ابتدائی طور پر رہیومیٹولوجسٹ اور نیورولوجسٹ نے انہیں صحت مند قرار دیا تھا، تاہم بعد ازاں آرتھوپیڈک سرجن نے مکمل معائنے کے بعد سرجری تجویز کی گئی۔میرب علی کے مطابق انہیں توقع تھی کہ یہ ایک معمولی اور مختصر نوعیت کا آپریشن ہوگا، لیکن سرجری ان کی توقع سے کہیں زیادہ پیچیدہ اور دقت طلب ثابت ہوئی۔ یہ آپریشن کراچی کے نجی اسپتال میں انجام دیا گیا، جہاں انہوں نے علاج کے دوران اپنی ایک ویڈیو بھی مداحوں کیساتھ شیئر کی۔اداکارہ نے بتایا کہ سرجری کے بعد اب وہ بتدریج صحت یاب ہو رہی ہیں، جبکہ ان کے دوستوں، ساتھی فنکاروں اور مداحوں کی جانب سے نیک خواہشات اور دعائوں کا سلسلہ جاری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں