بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے کی یقین دہانی (اداریہ)

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے اقدامات شامل کئے جا رہے ہیں۔ کاروبار دوست پالیسیوں کی بدولت ملکی معیشت مستحکم ہوئی اور بیرونی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا’ ایسی صنعتوں کے فروغ کیلئے کوشاں ہیں جن سے ملکی پیداوار بڑھے’ برآمدات میں اضافہ ہو’ ملازمتوں کے زیادہ سے زیادہ مواقع پید اہوں، وزیراعظم سے ملک کے معروف صنعتکاروں اور ممتاز کاروباری شخصیات کے وفد نے ملاقات بھی کی، یہ ملاقات ملک کی مجموعی معاشی ترقی کی رفتار تیز کرنے اور مالی سال 2026-27 کے بجٹ کے حوالے سے کاروباری برادری سے مشاورت کے تناظر میں ہوئی۔ وزیراعظم نے وفد کے شرکاء سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ پاکستان کے سفیر اور دنیا میں ہماری پہچان ہیں۔ مشکل معاشی حالات میں حکومت کا ساتھ دینے پر کاروباری برادری کے شکر گزار ہیں۔ حکومت اور نجی شعبے کی مضبوط شراکت داری معاشی ترقی کی ضمانت ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کے حوالے سے پالیسی سازی میں کاروباری برادری سے مشاورت اہمیت کی حامل ہے۔ یہی ہماری معاشی پالیسی کا محور ہے۔ غیر رسمی معیشت کو ٹیکس نیٹ میں لانے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ صنعت’ زراعت’ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں ترقی سے معیشت کو مزید استحکام ملے گا اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے، نوجوانوں کیلئے تکنیکی وفنی تربیت کے پروگرام شروع کئے ہیں تاکہ ان کو روزگار ملنے میں آسانی ہو اور وہ قومی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر سکیں۔ وفد کو کاروبار’ صنعت وتجارت کے فروغ کے حوالے سے حکومتی اقدامات پر بریفنگ دی گئی جس میں بتایا گیا کہ ٹیکس مقدمات جلد نمٹانے کیلئے ٹیکس ٹربیونلز میں اصلاحات کی گئی ہیں۔ اسپیشل کمرشل کورٹس کے قیام کے حوالے سے کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، کراچی کی بندرگاہوں سے اندرون ملک رسائی بہتر بنانے کے لیے موٹروے ایم10 کی اپ گریڈیشن اور پیپری فریٹ کوریڈور پر کام جاری ہے۔ بریفنگ کے مطابق موٹروے ایم13 کھاریاں۔ راولپنڈی کی تعمیر سے لاہور اور اسلام آباد کے درمیان فاصلہ کم ہو جائے گا۔ پاکستان ریلوے کی ایم۔ ایل ون اور ایم ایل۔ ٹو کی اپ گریڈیشن سے ریلوے کا انفراسٹرکچر بہتر ہو گا جس سے تجارتی سامان کی ترسیل بہتر ہو گی۔ نیشنل اے۔ آئی ٹرانسفارمیشن پلان تشکیل دیا جا رہا ہے۔ کاروباری رہنمائوں نے وزیراعظم کی قیادت میں معاشی بحالی کے سفر اور بہتر مالیاتی نظام پر بھی اعتماد کا اظہار کیا۔ ملکی معیشت کو درست سمت میں گامزن کرنے پر وزیراعظم اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ڈیجیٹل ادائیگیوں اور دستاویزی معیشت کے فروغ کے حکومتی وژن کو سراہتے ہیں۔ وفد نے ٹیکس اصلاحات اور کاروباری آسانیوں کے فروغ کے اقدامات کا خیرمقدم کیا۔ کاروباری رہنمائوں نے صنعتوں کیلئے بجلی کے نرخوں میں کمی لانے’ ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ لیوی کے خاتمے اور ٹیکس ریفنڈ کی بروقت ادائیگیوں پر وزیراعظم سے اظہار تشکر کیا۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ وفاقی حکومت جو کہ اپنا آئندہ مالی سال کا بجٹ پیش کرنے جا رہی ہے۔ اس میں ریلیف کے حوالے سے وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے یہ عندیہ دیا ہے کہ آمدہ بجٹ میں عوام کی بنیادی ضروریات کو پیش نظر رکھتے ہوئے انہیں بہتر سے بہتر ریلیف فراہم کرنے کا حکومت پاکستان نے عہد کر رکھا ہے اور صنعتی’ تجارتی اور کاروباری طبقہ اس بجٹ سے مستفید ہو گا جو کہ نہایت خوش آئند ہے اور امید ہے کہ اس سلسلے میں بھرپور عملی اقدامات اٹھاتے ہوئے عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں