رباط(سپورٹس نیوز) آئی جی پی ایل رائزنگ سٹار مراکش گالف ٹورنامنٹ میں پاکستان کے نامور گالفر احمد علی بیگ نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر ساتویں پوزیشن حاصل کر لی۔4 روز تک جاری رہنے والی چیمپئن شپ میں احمد علی بیگ نے مجموعی طور پر 11 انڈر پار اسکور کیا اور عالمی سطح کے کھلاڑیوں کے درمیان پاکستان کی بھرپور نمائندگی کی۔احمد علی بیگ کا آغاز توقعات کے مطابق نہ تھا اور وہ پہلے راؤنڈ میں ایک اوور پار اسکور کرنے کے باعث دباؤ کا شکار ہو گئے تھے، تاہم انہوں نے دوسرے راؤنڈ میں شاندار کم بیک کرتے ہوئے 6 انڈر پار کھیل کر اپنی پوزیشن بہتر بنائی۔ پاکستانی گالفر نے تیسرے راؤنڈ میں بھی عمدہ کارکردگی برقرار رکھی۔




