بورڈ کا عدم اعتماد’ سرفراز احمد کا مستقبل دائو پر

لاہور (سپورٹس نیوز) بورڈ میں اہم ذمہ داریاں یونس خان اور محمد حفیظ کی منتظر ہیں، حکام سرفراز احمد کی کارکردگی سے مطمئن نہیں، ایسے میں سابق بیٹر کو دورہ ویسٹ انڈیز سے قبل ہیڈکوچ مقرر کرنے کی تجویز سامنے آ گئی،اگر سرفراز کو مزید مواقع دیے گئے تو یونس کوکوئی اور کام مل سکتا ہے، سابق آل رائونڈر کی بھی حکام سے ملاقات ہوئی،وہ خدمات سرانجام دینے پرآمادہ ہیں، ان کی سلیکشن کمیٹی یا بطور ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ شمولیت متوقع ہے،ادھر شان مسعود کی کپتانی بچنا دشوار ہو گیا،انھیں ازخود مستعفی ہونے کا پیغام دیا جا چکا ہے۔تفصیلات کے مطابق پی سی بی قومی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی میں بہتری کیلیے سابق اسٹارز کو ذمہ داریاں سونپنے پر غور کر رہا ہے، اس حوالے سے اعلی حکام کی گزشتہ کچھ دنوں میں کئی اہم سابق کھلاڑیوں سے میٹنگز ہو چکی ہیں، دورئہ بنگلہ دیش کے دونوں ٹیسٹ میچز میں ٹیم کو بدترین ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑا،اس دوران سرفراز احمد ہیڈ کوچ تھے، ذرائع کے مطابق بورڈ حکام ان کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہیں، اگر مزید مواقع دینے کا فیصلہ نہ ہوا تو یونس خان یہ عہدہ سنبھال سکتے ہیں،بصورت دیگر سابق کپتان کو پی سی بی میں کوئی اور ذمہ داری سونپنی جا سکتی ہے۔ سرفراز کے ساتھ بھی بورڈ کا معاہدہ ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں