جمہوریت کی کامیابی صرف انتخابات، آئین اور ریاستی اداروں کی موجودگی سے مشروط نہیں ہوتی بلکہ اس کا حقیقی استحکام ایک ایسے سیاسی کلچر پر منحصر ہوتا ہے جو اختلافِ رائے کو برداشت کرنے کی صلاحیت رکھتا ہو۔ اگرچہ سیاسی بردا شت کو جمہوری اقدار کا بنیادی جزو سمجھا جاتا ہے، لیکن عملی سیاست میں یہ اب بھی ایک متنازع اور کمزور تصور کے طور پر سامنے آتی ہے۔ درحقیقت سیاسی برداشت سے مراد یہ ہے کہ افراد، جماعتیں اور مختلف گروہ ان لوگوں کے سیاسی حقوق اور آزادیو ں کو بھی تسلیم کریں جن کے نظریات سے وہ اتفاق نہیں کرتے۔ دوسرے لفظوں میں، جمہوریت کا حسن اتفاقِ رائے میں نہیں بلکہ اختلافِ رائے کے احترام میں پوشیدہ ہے ۔ موجودہ دور میں جب دنیا بھر میں سیاسی تقسیم، شناختی سیاست اور نظریاتی کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے، سیاسی برداشت صرف ایک اخلاقی قدر نہیں رہی بلکہ جمہوری بقاء کی ایک ناگزیر ضرورت بن چکی ہے۔ پاکستان جیسے متنوع معاشرے میں اس کی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے، جہاں مختلف سیاسی، مذہبی، لسانی اور ثقافتی شناختیں ایک ساتھ موجود ہیں۔سیاسی برداشت کی نظریاتی بنیادیں کلاسیکی لبرل فکر میں ملتی ہیں۔ جان لاک اور جان سٹورٹ مل جیسے مفکرین نے فرد کی آزادی، ضمیر کی آزادی اور اظہارِ رائے کی آزادی کو ایک صحت مند سیاسی نظام کے لیے ناگزیر قرار دیا ۔ لبرل نظریہ اس بات پر زور دیتا ہے کہ معاشرہ اسی وقت ترقی کرتا ہے جب اس کے شہری خوف، جبر یا سماجی تنہائی کے خدشے کے بغیر اپنے خیالات کا اظہار کر سکیں۔ پاکستان میں بھی آزادیِ اظہار، سیاسی شمولیت اور اقلیتوں کے حقوق سے متعلق مباحث اس نظریے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہیں۔سیاسی برداشت کو سمجھنے کیلئے کثرتیت یا پلورلزم Pluralism کا نظریہ بھی اہمیت رکھتا ہے۔ اس نظریے کے مطابق معاشرہ مختلف گروہوں کا مجموعہ ہوتا ہے جو اپنے مفادات اور نمائندگی کے لیے پرامن انداز میں جدوجہد کرتے ہیں۔ پاکستان میں پنجابی، سندھی، پشتون، بلوچ، سرائیکی اور دیگر نسلی و مذہبی اکائیاں اس تنوع کی عکاس ہیں۔ یہی تنوع اگر مثبت انداز میں بروئے کار لایا جائے تو قومی طاقت بن سکتا ہے، لیکن اگر اسے سیاسی مفادات یا تعصبات کی نذر کر دیا جائے تو یہی تنوع اختلاف اور تصادم کا سبب بھی بن سکتا ہے۔اسی طرح سماجی تربیت کا نظریہ اس بات پر زور دیتا ہے کہ سیاسی برداشت پیدائشی وصف نہیں بلکہ ایک ایسی قدر ہے جو خاندان، تعلیمی اداروں، ذرائع ابلاغ اور سماجی تجربات کے ذریعے پروان چڑھتی ہے۔ بدقسمتی سے پاکستان میں جمہوری اداروں کی ترقی کے باوجود شہری تربیت اور جمہوری شعور کی آبیاری مطلوبہ رفتار سے نہیں ہو سکی۔ سیاسی مباحث اکثر شخصیات کے گرد گھومتے ہیں جبکہ جمہوری اصول پس منظر میں چلے جاتے ہیں۔ نتیجتاً برداشت، مکالمے اور اختلاف کے احترام کی ثقافت مضبوط نہیں ہو پاتی۔رابطہ نظریہ یا کانٹیکٹ تھیوری بھی سیاسی برداشت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ اس نظر یے کے مطابق مختلف گروہوں کے درمیان مثبت روابط تعصبات اور غلط فہمیوں کو کم کرتے ہیں ۔ اگرچہ پاکستان کے بڑے شہروں میں مختلف طبقات اور برادریوں کے درمیان میل جول کے مواقع موجود ہیں، تاہم نسلی، فرقہ وارانہ اور طبقاتی تقسیم اب بھی حقیقی سماجی ہم آہنگی میں رکاوٹ بنی ہوئی ہے۔ اس لیے ایسے پلیٹ فارمز کی ضرورت ہے جو مختلف طبقات کے درمیان مکالمے، تعاون اور باہمی اعتماد کو فروغ دے سکیں۔گزشتہ ایک دہائی کے دورا ن پاکستان کی سیاست میں تقسیم اور تلخی میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ سیاسی مخالفین کو جمہوری حریف کے بجائے ریاست یا قوم کے لیے خطرہ قرار دینا ایک خطرناک رجحان بنتا جا رہا ہے۔ جب اختلافِ رائے کو غداری یا دشمنی سے تعبیر کیا جانے لگے تو جمہوری روایات کمزور پڑ جاتی ہیں۔ جمہوریت اسی وقت مضبوط ہوتی ہے جب مخالف آوازوں کو بھی جائز سیاسی حیثیت دی جائے۔سیاسی برداشت کا ایک اہم امتحان اقلیتوں کیساتھ برتائو سے بھی جڑا ہوا ہے۔ جمہوری معاشروں کی اصل پہچان اس بات سے ہوتی ہے کہ وہ اکثریت کے بجائے اقلیتوں کے حقوق کا کس حد تک تحفظ کرتے ہیں۔ پاکستان میں مذہبی اقلیتوں، محروم طبقات اور بعض نسلی گروہوں کو مساوی مواقع اور موثر نمائندگی کے حوالے سے مختلف چیلنجز کا سامنا ہے۔ اس صورتحال میں آئینی ضمانتوں کو مضبوط بنانا، مساوی شہریت کو یقینی بنانا اور شمولیتی طرزِ حکمرانی کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔سیاسی برداشت کے اثرات صرف قومی سطح تک محدود نہیں رہتے بلکہ ان کے علاقائی مضمرات بھی ہوتے ہیں۔ جنوبی ایشیا میں قوم پرستی، مذہبی تقسیم اور شناختی سیاست خطے میں کشیدگی کا باعث بن رہی ہیں۔ داخلی سطح پر عدم برداشت اکثر سرحدوں سے باہر بھی اثر انداز ہوتی ہے اور علاقائی تعاون کو متاثر کرتی ہے۔ اگر خطے کے ممالک زیادہ برداشت اور مکالمے کی راہ اختیار کریں تو اقتصادی ترقی، ماحولیاتی تبدیلی، پانی کے مسائل اور ہجرت جیسے مشترکہ چیلنجز کا بہتر انداز میں مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔عالمی سطح پر بھی سیاسی برداشت کو درپیش چیلنجز میں اضافہ ہوا ہے۔ سوشل میڈیا، جھوٹی معلومات اور نظریاتی حلقہ بندیوں نے دنیا بھر میں تقسیم کو مزید گہرا کر دیا ہے۔ یورپ، امریکہ، ایشیا اور افریقہ کی کئی جمہوریتیں عوامی اعتماد میں کمی اور مخالف نظریات کے خلاف بڑھتی ہوئی شدت پسندی کا سامنا کر رہی ہیں۔ اس تناظر میں پاکستان کا تجربہ کوئی منفرد معاملہ نہیں بلکہ ایک وسیع عالمی رجحان کا حصہ ہے۔تاہم سیاسی برداشت کا مطلب یہ ہرگز نہیں کہ انتہا پسندی، تشدد یا نفرت انگیز رویوں کو کھلی چھوٹ دے دی جائے۔ جمہوریت کو آزادی اور ذمہ داری کے درمیان توازن قائم رکھنا پڑتا ہے۔ ایسے نظریات یا اقدامات جو آئینی نظام یا بنیادی انسانی حقوق کو نقصان پہنچائیں، ان کے خلاف ریاستی اور سماجی سطح پر موثر ردعمل ناگزیر ہے۔ اصل چیلنج جمہوری کشادگی کو برقرار رکھتے ہوئے جمہوری اداروں کا تحفظ کرنا ہے۔پاکستان کی جمہوری ترقی کا انحصار صرف آئینی دفعات یا انتخابی عمل پر نہیں بلکہ ایک ایسی سیاسی ثقافت کے فروغ پر بھی ہے جو احترام، مکالمے اور برداشت کو اہمیت دے۔ تعلیمی اصلاحات، ذمہ دارانہ میڈیا، مضبوط شہری ادارے اور صحت مند عوامی مباحثہ ایسے عوامل ہیں جو جمہوری اقدار کو مستحکم کر سکتے ہیں۔ اس سلسلے میں سیاسی قیادت، جامعات، سول سوسائٹی اور عام شہریوں سب کی مشترکہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اختلاف کو دشمنی کے بجائے جمہوری تنوع کے طور پر قبول کریں۔حقیقت یہ ہے کہ سیاسی برداشت محض ایک اخلاقی تصور نہیں بلکہ جمہوریت کی بقا کی بنیادی شرط ہے۔ ایک متنوع معاشرے میں اختلاف کو برداشت کرنے کی صلاحیت ہی دراصل قومی یکجہتی اور سیاسی استحکام کی ضمانت بنتی ہے۔ کسی بھی جمہوریت کی اصل طاقت خیالات کی یکسانیت میں نہیں بلکہ اختلافی آوازوں کو برداشت کرنے کی صلاحیت میں مضمر ہوتی ہے۔ پاکستان کے لیے سیاسی برداشت کوئی اختیاری راستہ نہیں بلکہ ایک ناگزیر جمہوری تقاضا ہے۔ڈاکٹر محمد رضوان بھٹی سیاسیات میں پی ایچ ڈی ہیں۔ وہ دہشت گردی، انسدادِ دہشت گردی، انسدادِ پرتشدد انتہاپسندی اور پولیسنگ کے موضوعات پر باقاعدگی سے لکھتے ہیں۔ ان سے ای میل کے ذریعے رابطہ کیا جا سکتا ہے: rizwanbh79@gmail.com




