نئی دہلی (شوبز نیوز) معروف بھارتی فلمساز و ہدایتکار امتیاز علی نے دہلی میں کالج کے دنوں میں اپنے اغوا ہونے کا انکشاف کیا ہے۔ان کا کہنا کہ دو طلبہ تنظیموں میں کشیدگی کا نشانہ میں بن گیا تھا۔ واقعہ ایک سیاسی پوسٹر لگانے پر ہوا اور مجھے اغوا کر لیا گیا۔اپنی آئندہ آنے والی رومانوی ڈرامہ فلم میں واپس آئوں گا کی پروموشن کے موقع پر بھارتی میڈیا سے گفتگو میں55سالہ امتیاز علی نے کہا یہ واقعہ بلآخر میرے لیے خوبصورت ثابت ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ جب آپ دہلی میں رہتے ہیں تو کچھ جارح مزاج ہو جاتے ہیں، میں بھی اپنے کالج کے دنوں میں کچھ ایسا ہی تھا، لیکن اس وقت یہ میری غلطی نہیں تھی۔ میرے ساتھ جو کچھ ہوا، وہ ایک خوبصورت تجربہ بن گیا۔ اس واقعے کی وجہ سے میرے بہت سے دوست بن گئے، حالانکہ یہ ایک خوفناک واقعہ بھی بن سکتا تھا۔




