کاروباری برادری کا پیرا کارروائیوں پر وزیراعلیٰ سے مداخلت کا مطالبہ

لاہور(بیورو چیف) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) کی کارروائیوں سے متعلق تاجر برادری کے بڑھتے ہوئے تحفظات پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے مداخلت کی درخواست کی ہے اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ شفافیت، احتساب اور جائز کاروباری سرگرمیوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔یہ مطالبہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا گیا۔ اس موقع پر صدر لاہور چیمبر فہیم الرحمٰن سہگل نے پریس کانفرنس سے خطاب کیا جبکہ سینئر نائب صدر تنویر احمد شیخ، نائب صدر خرم لودھی، سابق صدر محمد علی میاں، ایگزیکٹو کمیٹی اراکین اور مختلف مارکیٹوں کے صدور بھی موجود تھے۔صدر لاہور چیمبر فہیم الرحمن سہگل نے وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے معاشی ترقی، سرمایہ کاری کے فروغ اور بہتر گورننس کے لیے کیے گئے کاروبار دوست اقدامات اور اصلاحات کو سراہا۔ تاہم انہوں نے کہا کہ تاجروں اور مارکیٹ نمائندگان کی جانب سے کی بعض کارروائیوں کے حوالے سے سنگین تحفظات سامنے آ رہے ہیں، جو کاروباری برادری میں بے چینی کا باعث بن رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر قانون کی حکمرانی اور مؤثر ریگولیٹری نگرانی کی مکمل حمایت کرتا ہے، تاہم اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ تمام کارروائیاں شفاف، منصفانہ اور بزنس فرینڈلی انداز میں ہونی چاہئیں۔ انہوں نے زور دیا کہ جائز کاروباری اداروں کو غیر ضروری ہراسانی، غیر یقینی صورتحال یا جابرانہ اقدامات کا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔صدر لاہور چیمبر فہیم الرحمن سہگل نے مزید کہا کہ چیمبر کو مختلف مارکیٹوں سے مسلسل یہ فیڈبیک موصول ہو رہا ہے کہ بعض کارروائیاں بغیر پیشگی نوٹس اور تاجروں کو مؤقف پیش کرنے کے مناسب موقع کے بغیر کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ کاروباری برادری ریگولیٹری اتھارٹی کے اختیارات اور قانون کے نفاذ کا مکمل احترام کرتی ہے، تاہم یہ ضروری ہے کہ تمام اقدامات واضح قانونی حدود کے اندر رہ کر کیے جائیں تاکہ شفافیت، احتساب اور جائز کاروباری سرگرمیوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے اور کاروباری اعتماد اور معاشی استحکام برقرار رہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت اور تاجر برادری معاشی ترقی اور خوشحالی میں شراکت دار ہیں، اور پائیدار معاشی ترقی کے لیے مؤثر قانون نافذ کرنے کے ساتھ ساتھ شہریوں کے حقوق کا تحفظ بھی ناگزیر ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں