بجٹ نوجوانوں کی امنگوں پر اُترتا دکھائی نہیں دیتا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی سنٹرل پنجاب یوتھ کے سیاسی کوآرڈینیٹر چوہدری میمون حسین نے وفاقی بجٹ 2026-27 پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بجٹ عام آدمی اور نوجوانوں کی امنگوں پر پورا اترنے میں ناکام دکھائی دیتا ہے۔ ملک کی سب سے بڑی آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، لیکن روزگار، ہنر مندی، کاروباری معاونت اور جدید تعلیم کے شعبوں میں وہ توجہ نہیں دی گئی جس کی اشد ضرورت تھی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے تھا کہ نوجوانوں کے لیے خصوصی روزگار پروگرام، بلاسود کاروباری قرضے، آئی ٹی اور فری لانسنگ سیکٹر کے فروغ، اسٹارٹ اپ فنڈز اور جدید ٹیکنالوجی کی تعلیم کے لیے بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کرتی تاکہ نوجوان ملکی ترقی میں موثر کردار ادا کر سکیں۔ چوہدری میمون حسین نے کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری اور بڑھتے ہوئے معاشی دبائو کے باعث عام آدمی شدید مشکلات کا شکار ہے۔ بجٹ میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی، بجلی و گیس کے بلوں میں نمایاں ریلیف، مزدوروں اور متوسط طبقے کے لیے موثر سہولتوں کا اعلان کیا جانا چاہیے تھا تاکہ عوام کو حقیقی ریلیف ملتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کو تعلیم اور صحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانی چاہیے تھی، نئے تعلیمی ادارے، تکنیکی تربیتی مراکز اور جدید ہسپتال قائم کرنے کے لیے خصوصی فنڈز مختص کیے جانے چاہئیں تھے کیونکہ مضبوط قوم کی بنیاد معیاری تعلیم اور صحت پر ہوتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں