فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) منیجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا نے بارش کے دوران غیر حاضری پر آپریشنز ڈائریکٹوریٹ کے16 ملازم معطل کردئیے اور ڈپٹی ڈائریکٹر او اینڈ ایم کو3 دن میں تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ایم ڈی واسا نے بارش کی پیشگوئی پر تمام آپریشنز سٹاف کو ان کے مقرر کردہ پوائنٹس پر حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی تھی اور انہوں نے گزشتہ رات ہونے والی بارش کے دوران مختلف سب ڈویژن کے وزٹ کئے اور اپنے ڈیوٹی پوائنٹس پر غیر حاضر ملازمین کیلئے سخت ایکشن لیا اور 2 سپروائزر سمیت 16 ورکرز کو معطل کردیا جن میں مدینہ ٹائون سب ڈویژن کے سپروائزر حارث اورپیپلزکالونی نمبر 2 سب ڈویژن کے سپروائزر امین شامل ہیں۔ اسی طرح آفتاب، سرفراز، عمران، چارلس،عادل، شہزاد، ندیم، افتخار، ستار، کامران، بشیر، شہباز، طارق اور نیاز بھی معطل کردیئے گئے۔ ایم ڈی واسا نے متعلقہ ڈپٹی ڈائریکٹر او اینڈ ایم کو 3 دن میں تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بارش کے دوران کسی اہلکار کی غیر حاضری قابل قبول نہیں کیونکہ شہریوں کو نکاسی آب کی سہولیات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔




