فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) چک جھمرہ کے علاقہ 191 رب مولوآنی میں دودھ پینے سے میاں بیوی سمیت ایک ہی خاندان کے چھ افراد کی حالت غیر ہو گئی، جنہیں طبی امداد کی غرض سے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 191 رب کے رہائشی سجاد ولد اﷲ بخش کے اہل خانہ نے بھینس کا دودھ پیا’ جس کے استعمال سے 45سالہ سجاد’ اسکی اہلیہ 30سالہ نازیہ بی بی’ 5 سالہ بیٹے علی عباس’ 3سالہ محمد حسن اور 7سالہ بھتیجے محمد عابد اور شہباز اور 8سالہ بھتیجی فاطمہ دختر محمد حسین کی طبیعت خراب ہو گئی اور ان پر غنودگی کی کیفیت طاری ہو گئی تو دیگر افراد نے حالت دیکھ کر ریسکیو1122 کو اطلاع کی تو ریسکیو ٹیم نے بروقت موقع پر پہنچ کر فوڈ پوائزنگ کا شکار ہونے والے مذکورہ افراد کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال پہنچایا جہاں اب ان کی حالت مزید بہتر بتائی جاتی ہے۔




