نارووال ( نامہ نگار)وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل علم، تحقیق اور جدت سے وابستہ ہے،دنیا میں پاکستانی مصنوعات کو معیار اور اعتماد کی علامت بنانا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی یونیورسٹی نارووال کیمپس میں کلچرل میلہ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا ہمیں دوسروں کے علم کے صارف نہیں بلکہ علم اور ٹیکنالوجی کے تخلیق کار بننا ہوگا۔پاکستان کو علم اور ٹیکنالوجی کے میدان میں قیادت کے مقام پر لانا چاہتے ہیں۔ ترقی یافتہ قوموں نے انسانی وسائل میں سرمایہ کاری کر کے کامیابی حاصل کی۔ احسن اقبال نے کہا کہ سیاسی عدم استحکام کے باعث قومی ترقی کے کئی اہم منصوبے مکمل نہ ہو سکے، ویژن 2010 اور وژن 2025 مکمل ہوتے تو آج پاکستان کی صورتحال مختلف ہوتی،وژن 2025 کا تسلسل برقرار رہتا تو پاکستان دنیا کی صف اول کی معیشتوں میں شامل ہوتا۔وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا اڑان پاکستان کے تحت ترقی کا نیا سفر شروع کیا گیا ہے۔ امن، استحکام اور اصلاحات کے تسلسل سے پاکستان آئندہ 5 سے 10 سال میں تیز رفتار معیشت بن سکتا ہے۔ پاکستانی قوم اور اس کے انجینئرز صلاحیت کے اعتبار سے کسی سے کم نہیں۔ قرضوں کے سہارے نہیں، برآمدات بڑھا کر ہی ترقی ممکن ہے، پاکستان کو ایکسپورٹ لیڈ گروتھ اکانومی بنانا ہماری قومی ترجیح ہے، دنیا بھر میں پاکستانی مصنوعات کو معیار اور اعتماد کی علامت بنانا ہوگا،انجینئرز تحقیق اور جدت کے ذریعے پاکستانی مصنوعات کو عالمی سطح پر نمایاں کریں۔انہوں نے کہا قومی سلامتی، توانائی، پانی اور زرعی پیداوار کے چیلنجز کا حل انجینئرنگ میں موجود ہے،آلودگی، شہری آبادی کے دبا اور دیگر بحرانوں سے نمٹنے میں انجینئرز کا کردار کلیدی ہے،ہر بڑے قومی بحران کے حل کی کنجی انجینئرز کے ہاتھ میں ہے۔




