فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ٹریفک حادثات میں سڑک عبور کرتے نوجوان جاں بحق’ کوسٹر کی ٹکر لگنے سے موٹرسائیکل سوار پولیس اہلکار بری طرح زخمی ہو گئے’ جنہیں طبی امداد کی غرض سے ہسپتال منتقل کر کے ڈرائیورز کی تلاش شروع کر دی۔ تفصیل کے مطابق 61 ج ب کا رہائشی 40سالہ ندیم ولد حاکم علی 58 ج ب بائی پاس بسم اﷲ ہوٹل کے قریب پیدل سڑک عبور کر رہا تھا کہ نامعلوم گاڑی کی ٹکر لگنے سے بری طرح زخمی ہو گیا جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ حادثے کا مرتکب ڈرائیور گاڑی سمیت فرار ہو گیا جبکہ دوسرا حادثہ چک جھمرہ کے علاقہ ایکسپریس وے نلے والا بائی پاس کے قریب پیش آیا’ آر ایم پی کے پولیس کانسٹیبل حنظلہ نواز اور احمد سکنہ 55 ج ب موٹرسائیکل پر فیصل آباد سے ساہیانوالہ جا رہے تھے کہ جب وہ نلے والا کے قریب پہنچے تو تیز رفتار کوسٹر LRO-9093 کی ٹکر لگنے سے بری طرح زخمی ہو گئے، زخمی پولیس اہلکاروں کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال منتقل کر دیا تاہم ڈرائیور گاڑی چھوڑ کر موقع سے فرار ہو گیا۔




