فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) بچوں سے مشقت کی روک تھام کے عالمی دن کے حوالے سے ڈائریکٹوریٹ آف لیبر ویلفیئر(ایسٹ اینڈ ویسٹ)نے مشترکہ طور پر آگاہی واک کا اہتمام کیا۔واک الائیڈ موڑ سرگودھا روڈ سے شروع ہوکر اکبر آباد چوک جیل روڈ پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی جسکی قیادت ڈائریکٹر یاسین سرفراز اور ڈائریکٹر سید غضنفر علی شاہ نے کی۔سوشل ویلفیئر،چائلڈ لیبر پر کام کرنے والی غیر سرکاری تنظیموں،سول سوسائٹی،صنعتکاروں اور مزدور نمائندوں نے شرکت کی۔ڈائریکٹر لیبرویسٹ نے کہا کہ بچوں کو مشقت سے نجات دلانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ ہر بچے کو تعلیم، صحت اور محفوظ ماحول کی فراہمی ریاست اور معاشرے کی بنیادی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لئے موجود قوانین پر موثر عملدرآمد ناگزیر ہے کیونکہ بچوں سے مزدوری معاشرتی ترقی اور خوشحالی کی راہ میں ایک بڑی رکاوٹ ہے۔انہوں نے کہا کہ بچوں کا اصل مقام تعلیمی اداروں میں ہے، فیکٹریوں اور ورکشاپس میں نہیں۔ انہوں نے عالمی یوم انسداد چائلڈ لیبر کو شعور بیدار کرنے کا ایک اہم موقع قرار دیتے ہوئے کہا کہ محکمہ محنت عوام میں چائلڈ لیبر کے خلاف موثر آگاہی پیدا کرنے کے لئے بھرپور اقدامات کر رہا ہے۔ڈائریکٹرلیبرایسٹ نے اپنے خطاب میں کہا کہ بچوں کے روشن مستقبل کے لئے اجتماعی اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔




