عوام کو جدید سہولتوں کی فراہمی کیلئے احسن اقدامات (اداریہ)

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے البینزم سے متعلق آگاہی کے عالمی دن کے موقع پر کہا ہے کہ البینزم کمزوری نہیں، محض قدرتی تنوع کا حصہ ہے۔ البینزم کا شکار افراد کو عزت اور تحفظ دینا معاشرتی فریضہ ہے۔ ایسا پنجاب چاہتے ہیں جہاں کسی کو جلد’ ظاہری مشکل یا پیدائشی فرق کی بنیاد پر کمتر نہ سمجھا جائے، البینزم سے متاثرہ افراد کے لیے محبت’ احترام اور قبولیت کا دائرہ کار مزید وسیع کرنا ہو گا۔ حکومت پنجاب البینزم سمیت دیگر افراد کو مکمل تعلیمی’ طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے سرگرم عمل ہے۔ البینزم کے شکار افراد کے حقوق کی حفاظت اور امتیازی سلوک کے خاتمے کے لیے متحد ہو کر آواز بلند کرنا ضروری ہے۔ البینزم کے شکار افراد کو عزت’ تحفظ اور مساوی حقوق کا ہدف ایک ایسا پنجاب تشکیل دینا ہے، جہاں کسی بھی فرد کی جلد’ ظاہری شکل یا پیدائشی خصوصیات کی بنیاد پر اس کے ساتھ امتیاز سلوک نہ کیا جائے۔ البینزم کے شکار افراد کو معاشرتی تنہائی سمیت صحت’ تعلیم اور سماجی تحفظ پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ البینزم کے عالمی دن کا مقصد اس موروثی جینیاتی کیفیت کے بارے میں شعور بیدار کرنا اور متاثرہ افراد کے حقوق کا تحفظ کرنا ہے۔ دوسری جانب پنجاب حکومت کی جانب سے پبلک ٹرانسپورٹ پر 70 روز تک مفت سفر کی سہولت سے تقریباً 9کروڑ شہری مستفید ہوئے جبکہ اس مد میں حکومت نے ایک ارب 60 کروڑ کی اضافی سبسڈی ادا کی۔ سرکاری اعداد وشمار کے مطابق پنجاب کے 26 اضلاع میں روزانہ 13لاکھ سے زائد مسافروں نے مفت سفری سہولت سے فائدہ اٹھایا، لاہور میٹروبس سروس’ اورنج لائن میٹرو ٹرین راولپنڈی اور ملتان میٹروبس سروسز’ تمام فیڈر روٹس اور صوبہ بھر کی گرین بس سروسز پر رائیڈرشپ ریکارڈ سطح تک پہنچ گئی۔ اورنج لائن میٹروٹرین پر 70 روز کے دوران تقریباً 2 کروڑ 30لاکھ جبکہ روزانہ 3 لاکھ 29ہزار سے زائد مسافروں نے سفر کیا۔ لاہور میٹروبس سروس پر ایک کروڑ 60لاکھ سے زائد افراد نے مفت سفر کیا جبکہ لاہور کے فیڈر روٹس پر چلنے والی سپیڈو بسوں پر ایک کروڑ 6لاکھ سے زائد مسافروں نے سفر کیا۔ ملتان’ میٹروبس سروس پر 64لاکھ 29ہزار’ راولپنڈی فیڈر روٹس پر 24لاکھ’ لاہور گرین بس سروس پر 22لاکھ جبکہ فیصل آباد گرین بس سروس پر 17لاکھ سے زائد مسافر مستفید ہوئے، اسی طرح ڈیرہ غازی خان’ جھنگ’ بہاولپور’ مظفرگڑھ’ بہاولنگر’ ساہیوال’ پاکپتن’ راجن پور’ جہلم’ چکوال’ میانوالی’ گوجر خان اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کی گرین بس سروسز پر بھی لاکھوں شہریوں نے مفت شہری سہولت سے فائدہ اٹھایا۔ مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ مشکل معاشی حالات میں مفت سفر کی سہولت عوام کا حق سمجھتے ہیں۔ صرف 70 دن میں تقریباً 9کروڑ افراد کو مفت سفر کی سہولت فراہم کرنا پنجاب حکومت کا منفرد ریکارڈ ہے، مشکل معاشی حالات میں عوام کا بھرپور ساتھ دینے کا عزم غیر متزلزل ہے اور حکومت عوامی ریلیف کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ یہاں پنجاب حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لیے اور سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کے بہتر سے بہتر علاج معالجے کے لیے طبی سہولیات بھی فراہم کر رہی ہے۔ اسے عام عام اور عوام کی بنیادی ضروریات کا بھی خیال رکھنا ہو گا۔ امید ہے کہ اس سلسلے میں تمام ذرائع بروئے کار لاتے ہوئے بھرپور اقدامات اٹھائے جائیں گے اور مفت عوامی سفری سہولیات کو جاری رکھنے کے اقدامات کرنے ہونگے تاکہ مہنگائی اور غربت میں پسی ہوئی عوام کو مزید زندگی بسر کرنے میں آسانی ہو۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں