فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سماجی و سیاسی شخصیت چوہدری حسام علی وڑائچ نے کہا ہے کہ حکو مت نے وفاقی بجٹ میں کسانوں کے لئے کوئی خاص ریلیف فراہم نہیں کیا جس کی وجہ سے زراعت کا شعبہ بربادی کی طرف جائے گا اور کسان مزید بدحالی کا شکار ہو جائیں گے جبکہ چھوٹے تاجروں کے لئے بھی کوئی مراعات کا اعلان نہیں کیاگیا ۔نئے مالی سال کے بجٹ میں ٹیکسوں کی بھر مار غریب اور عام آدمی کو زندہ درگور کرکے رکھ دے گی ۔ گریڈ ایک تا سولہ کے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں معمولی اضافہ جو کہ بہت بڑی زیادتی ہے مہنگائی نے پہلے ہی عوام کی کمر توڑ کر رکھی ہوئی ہے ۔ حالیہ مہنگائی کے پیش نظر عوام توقع کر رہی تھی کہ انہیں اس سال بجٹ میں کچھ ریلیف فراہم کیا جائے گا لیکن اس بجٹ میں عوام میں مزید مایوسیاں پیدا ہوئی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ نئے مالی سال کا بجٹ آئی ایم ایف کے دبائو پر بنایا گیا ہے انہوں نے کہا کہ ہر بجٹ پر پریشر اشرافیہ کا ہوتا ہے وہ اپنی مراعات ‘ ایجنڈے ‘ ٹیکس میں اپنی مرضی کی رعایتیں لیتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ مہنگائی نے عوام سے جینے کا حق چھین لیا ہے لیکن حکمرانوں کو اس کی کوئی پرواہ نہیں ۔




