فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سی سی ڈی اور پولیس کے ساتھ مبینہ مقابلوں میں دو ریکارڈ یافتہ ڈاکو اپنے انجام کو پہنچ گئے جبکہ ان کے ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ہو گئے، پولیس نے نعشوں کو تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا اور فرار ہونیوالے ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ انچارج سی سی ڈی لائلپور ڈویژن صدیق چیمہ اور ایس ایچ او تھانہ سی سی ڈی فاروق ناظر نے اپنی ٹیم کے ہمراہ 218 رب پروکیانوالہ میں اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مارا تو اسی دوران واردات کی نیت سے چھپے ہوئے چار مسلح ڈاکوئوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔ پولیس اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ کافی دیر تک جاری رہا، تاہم فائرنگ کا تبادلہ رُکنے پر پولیس نے سرچ آپریشن کیا تو ایک ملزم زخمی حالت میں پڑا تھا جس نے اپنا نام عامر گلوتر سکنہ چنیوٹ بتایا جس کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ مرنے والا ڈاکو بین الاضلاعی ڈکیت گینگ کا سرگرم رکن اور ڈکیتی اور چوری کی دو درجن وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھا۔ جبکہ اس کے تین ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ہو گئے۔ ایس ایچ او ملت ٹائون میاں علی اکبر نے بتایا کہ سیم کے قریب ناکہ بندی کے دوران مشکوک موٹرسائیکل سواروں کو رُکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کا تبادلہ رُکنے پر سرچ آپریشن کیا تو ایک ملزم زخمی حالت میں پڑا تھا جس کو قابو کیا تو اس نے اپنا نام بلال ولد یعقوب سکنہ غلام محمد آباد شمس آباد بتایا جس کو ہسپتال لایا جا رہا تھا کہ وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ مرنے والا ڈاکو ریکارڈ یافتہ اور بنکوں سے رقم نکلوا کر جانے والے شہریوں کو لوٹنے سمیت متعدد وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھا جبکہ اس کے ساتھی موقع سے فرار ہو گئے۔ پولیس نے نعشیں ہسپتال منتقل کر کے ان کے فرار ہونیوالے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔




