فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) بیرون کچہری بازار’ بیرون چنیوٹ بازار اور بیرون کارخانہ بازار میں پارکنگ پلازوں کا ٹینڈر ہو گیا ہے’ بہت جلد ان پارکنگ پلازوں کی تعمیر پر کام شروع ہو جائے گا’ اس کے علاوہ آٹھ بازوں میں الیکٹرک گاڑیوں کی تعداد میں بھی خاطرخواہ اضافہ کر رہے ہیں تاکہ خریداروں کیلئے بازاروں میں انٹری آسان ہو سکے’ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے اپنے آفس میں سپریم انجمن تاجران کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا’ وفد میں سپریم انجمن تاجران کے چیئرمین میاں عبدالمنان’ صدر حاجی محمد اسلم بھلی’ جنرل سیکرٹری رانا ایوب منج’ سینئروائس چیئرمین رانا محمد سکندراعظم خاں’ وائس چیئرمین شیخ آصف انوار’ کوارڈی نیٹر حاجی محمد عابد’ کلاتھ ایوسی ایشن چنیوٹ بازار کے صدر رانا اکرام اللہ خاں’ گول کریانہ ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری شیخ محمد فاضل’ چنیوٹ بازار کے صدر ملک شاہد رسول شامل تھے’ ڈپٹی کمشنر نے امید کا اظہار کیا کہ محرم الحرام میںجس طرح تاجر برادری ماضی میں انتظامیہ کے ساتھ تعاون کرتی رہی ہے’ اس مرتبہ بھی وہ محرم الحرام میں قیام امن کے لیے پنجاب پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی’ انہوں نے کہا کہ کچہری بازار کی بیوٹی فکیشن مکمل ہو چکی اب جھنگ بازار میں جلد کام شروع ہوگا’ اسی طرح باقی بازاروں میں بھی بیوٹی فکیشن کے پراجیکٹ مکمل کئے جائیں گے’ اس موقع پر سپریم انجمن تاجران کے چیئرمین میاں عبدالمنان’ صدر حاجی محمد اسلم بھلی’ جنرل سیکرٹری رانا ایوب منج’ سینئروائس چیئرمین رانا محمد سکندراعظم خاں و دیگر ممبران نے ڈپٹی کمشنر سے کہاکہ محرم الحرام میں آٹھ بازاروں کی سکیورٹی پر خاص توجہ دی جائے’ آٹھ بازاروں میں ایسے افسروں کی ڈیوٹیاں لگائی جائیں جو تاجروں سے روشناس ہوں’ اس کے علاوہ عاشور محرم الحرام میںآٹھ بازاروں کے رہائشیوں کو مخصوص کارڈ جاری کئے جائیں تاکہ وہ آسانی کے ساتھ اپنی رہائش گاہوں تک پہنچ سکیں’ وفد نے ڈپٹی کمشنر کی توجہ آٹھ بازاروں میں عاشور محرم الحرام میں لگائی جانے والی بڑی بڑی لائٹوں کی طرف کرائی جو دن کو بھی چلتی رہتی ہیں جس سے ناصرف بجلی ضائع ہوتی ہے بلکہ وفاقی و صوبائی حکومت کی پالیسی کی بھی خلاف ورزی ہوتی ہے’ وفد کے ارکان نے ڈپٹی کمشنر کو عاشور محرم میں اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔




