لاہور (بیوروچیف)سپورٹس بورڈ پنجاب نے 63 ملازمین کو ایک اور دو سالہ کنٹریکٹس دے دیئے، وائس چیئرمین سپورٹس بورڈ پنجاب سلمان ملک تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے جبکہ ایچ آر کمیٹی کے ممبران ڈائریکٹر ایڈمن عابد شوکت، ڈپٹی ڈائریکٹر ظہور احمد، اسسٹنٹ ڈائریکٹر بلال اکرم، اکرام باری سلیمی، محمد حفیظ بھٹی اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر وائس چیئرمین سپورٹس بورڈ پنجاب سلمان ملک نے کہا کہ. کوچز کو ایک سال جبکہ ڈیسک پر کام کرنے والے ملازمین کو دو سال کے کنٹریکٹس دیئے گئے ہیں، یہ کنٹریکٹس سپورٹس بورڈ پنجاب کے جنرل باڈی اجلاس کی منظوری کے بعد جاری کئے گئے ہیں، جنرل باڈی اجلاس میں ایچ آر کمیٹی تشکیل دی گئی تھی جس نے حکومت پنجاب کی کنٹریکٹ پالیسی کے مطابق میرٹ پر ملازمین کا جائزہ لیا اور سفارشات مرتب کیں، کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں اہل ملازمین کو کنٹریکٹس دیئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کھیلوں کے فروغ اور کھلاڑیوں کی بہتر تربیت میں کوچز اور سپورٹس کی ترقی میں ملازمین کا کردار انتہائی اہم ہے،سپورٹس بورڈ پنجاب اپنے ادارے کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کیلئے عملی اقدامات کررہا ہے۔




