فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) حضرت فاروق اعظم رضی اللہ تعالی عنہ کی سیرت ہمارے لئے مینارہ نور ہے۔ آپ کا دور خلافت مسلمانوں کیلئے خصوصاً مسلم حکمرانوں کیلئے مشعل راہ ہے۔ آپ کی سیرت پر عمل پیرا ہوکر ہم دنیا اور آخرت کی فلاح حاصل کرسکتے ہیں۔ آپ کا یوم شہادت سرکاری طور پر منایا جائے۔ اور اس دن سرکاری سطح پر دفاتر میں سیمینار منعقد کرکے سیدنافاروق اعظم کے سنہری کارناموں پر روشنی ڈالی جائے۔مسجد نبوی میں، مصلی مصطفیۖ پر نماز کی حالت میں اور زبان پر قرآن پاک کی تلاوت تھی جب آپ کو شہید کیا گیا۔سنی علما کونسل یکم محرم الحرا م سے 10محرم الحرام تک عشرہ فاروق وحسین منارہی ہے۔ خلفائے راشدین کے ایام ہائے وفات وشہادت پر عام تعطیل کرکے سرکاری سطح پر منایا جائے۔سنی علما کونسل کے زیر اہتمام یوم شہادت سیدنا فاروق اعظم پر سرکاری تعطیل کیلئے مطالباتی ریلی اسٹیشن چوک سے گھنٹہ گھر چوک تک نکالی گئی۔جس کی قیادت مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا عبدالخالق رحمانی، قائد فیصل آباد مولانا حبیب الرحمن صدیقی نے کی۔ جلوس میں کثیر تعداد میں کارکنان اور عوام نے شرکت کی۔ شرکا نے بینر اور کارڈ اٹھارکھے تھے جن پر سیدنا فاروق اعظم کی شان میں کلمات اور مطالبات درج تھے اور حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ یوم شہادت سیدنافاروق اعظم پر عام تعطیل کرے۔ شرکا نے کہا کہ پاکستانی عوام کا دیرینہ مطالبہ ہے کہ خلفائے راشدین کے ایام ہائے وفات وشہادت پر عام تعطیل کی جائے اور ان ایام کو سرکاری سطح پر منایا جائے۔لیکن ہمارے جائز مطالبے کو تسلیم نہیں کیا جارہا۔ انہوں نے کہا کہ جن کے صدقے ہمیں کلمہ، اسلام او رپاکستان نصیب ہوا ان کے ایام شہادت پر چھٹی کیوں نہیں کی جاتی؟۔




