جڑانوالہ(نامہ نگار) آرتھوپیڈک سرجن ڈاکٹر مظفر کے خلاف مبینہ غفلت اور مریض کو نجی ہسپتال منتقل کرنے کی شکایت، تحقیقات کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق جڑانوالہ کے رہائشی ایڈووکیٹ عثمان سیف ایڈووکیٹ نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال جڑانوالہ میں تعینات آرتھوپیڈک سرجن ڈاکٹر مظفر کے خلاف اعلی حکام کو تحریری درخواست دیتے ہوئے مبینہ طبی غفلت اور مریضوں کو نجی ہسپتال منتقل کرنے کے الزامات عائد کر دیے ہیں درخواست کے مطابق عثمان سیف ایڈووکیٹ 14 جون کی رات ایک ٹریفک حادثے میں زخمی ہونے کے بعد ٹی ایچ کیو ہسپتال جڑانوالہ پہنچے،جہاں انہیں مبینہ طور پر سرکاری ہسپتال میں علاج فراہم کرنے کے بجائے متعلقہ ڈاکٹر سے رابطہ کرنے کا مشورہ دیا گیا۔درخواست گزار کا موقف ہے کہ بعد ازاں انہیں نجی ایکسرے سنٹر سے ایکسرے کروانے اور پھر ڈاکٹر کے نجی ہسپتال منتقل ہونے کی ہدایت دی گئی شکایت میں الزام لگایا گیا ہے کہ نجی ہسپتال میں فیس وصول کیے جانے کے باوجود مریض کو کئی گھنٹے انتظار کروایا گیا جبکہ علاج کے دوران غیر تربیت یافتہ عملے نے بھی طبی امور میں حصہ لیا درخواست گزار کے مطابق کئی گھنٹے گزرنے کے بعد انہیں مزید علاج کیلئے لاہور منتقل کرنے کا کہا گیا،تاہم راستے میں شاہکوٹ کے ایک نجی ہسپتال میں فوری طبی امداد فراہم کیے جانے کے بعد ان کی حالت بہتر ہو گئی۔متاثرہ شہری نے وزیراعلیٰ پنجاب،سیکرٹری صحت، کمشنر،ڈپٹی کمشنر فیصل آباد،پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کی شفاف انکوائری کرکے حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں اور اگر الزامات درست ثابت ہوں تو ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔




