لاہور (سپورٹس نیوز) دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی اولمپک ڈے کو منانے کے لئے تقریبات کا سلسلہ جاری ہے اوراس سلسلے میں لاہور کے ایک مقامی اسکول میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں قومی اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرنے والے کھلاڑیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جبکہ مختلف کھیلوں کی فیڈریشنز اور تنظیموں کے عہدیداران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر عارف سعید نے کہا کہ پاکستان میں اولمپک موومنٹ کے فروغ اور نوجوانوں کو کھیلوں کی جانب راغب کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک میں کھیلوں کے معیار کو بہتر بنا کر بین الاقوامی سطح پر مزید کامیابیاں حاصل کی جائیں گی۔اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے کہا کہ وہ آئندہ کامن ویلتھ گیمز اور ایشین گیمز کی بھرپور تیاری کر رہے ہیں اور امید ہے کہ پاکستان کے لیے مزید اعزازات اور شاندار نتائج حاصل کرینگے۔




