فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ نشاط آباد کے علاقہ 53 ج ب کے قریب مبینہ پولیس مقابلہ میں آئس ڈیلر قیصر ڈھلوں اپنے انجام کو پہنچ گیا جبکہ اس کے تین ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ہو گئے، پولیس نے نعش ہسپتال منتقل کر کے فرار ہونیوالے ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ ایس ایچ او تھانہ نشاط آباد سب انسپکٹر رانا ساجد محمود نے اپنی ٹیم کے ہمراہ 53 ج ب کے قریب ناکہ لگا کر رکھا تھا کہ مشکوک موٹرسائیکل سواروں کو رُکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی، پولیس نے اپنی جانیں بچاتے ہوئے جوابی فائرنگ بھی کی۔ تاہم فائرنگ کا تبادلہ رُکنے پر پولیس نے سرچ آپریشن کیا تو ایک ملزم زخمی حالت میں پڑا تھا۔ جس نے اپنا نام قیصر ڈھلوں بتایا جوکہ ریکارڈیافتہ منشیات فروش نکلا جس کے خلاف مختلف تھانوں میں متعدد مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا۔ جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں ہی زندگی کی بازی ہار گیا جبکہ اس کے تین ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ہو گئے۔ پولیس نے نعش پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے اس کے فرار ہونیوالے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔دریں ثناء ۔جڑانوالہ(نامہ نگار) جڑانوالہ تھانہ صدر اور بچیانہ کی حدود میں مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے 1ریکارڈ یافتہ ڈاکو ہلاک’ 1ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، ساتھی فرار ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق جڑانوالہ تھانہ پولیس کیساتھ مبینہ پولیس مقابلہ کے دوران ڈکیتی راہزنی اقدام قتل پولیس مقابلہ کے 29 مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا پولیس کے مطابق ایس ایچ او تھانہ صدر اعجاز رشید کو اطلاع موصول ہوئی کہ ڈاکوئوں شہریوں کیساتھ لوٹ مار کر رہے ہیں اطلاع پر ایس ایچ او اعجاز رشید پولیس نفری کے ہمراہ پہنچ گئے پولیس پارٹی کو دیکھ کر ڈاکوئوں نے سیدھی جان لیوا فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس کے مطابق مبینہ پولیس مقابلہ کے دوران اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہونیوالے ڈاکو کی شناخت ظفر عرف ظفری ساکن 570گ ب کے نام سے ہوئی ہے۔ ہلاک ہونیوالے ڈاکو کے خلاف تھانہ صدر،تھانہ سٹی،تھانہ بلوچنی، صدر تاندلیانوالہ سمیت دیگر تھانوں میں 29مقدمات درج تھے اور پولیس کو 2کروڑ روپے کی ڈکیتی سمیت راہزنی اقدام قتل کے مقدمات میں مطلوب تھا جبکہ تھانہ بچیانہ کی حدود چک نمبر 625گ ب جگاتن کے قریب مبینہ پولیس مقابلہ کے دوران اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہونیوالے ایک ڈاکو کو پولیس نے حراست میں لے لیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہو گیا ہے۔ پولیس تھانہ بچیانہ کے مطابق دوران گشت 2 موٹر سائیکل سواروں کو روکنے کا اشارہ کیا گیا مگر انہوں نے پولیس پارٹی پر سیدھی جان لیوا فائرنگ شروع کر دی مبینہ پولیس مقابلہ کے دوران زخمی حالت میں پکڑے جانیوالے ڈاکو کی شناخت بلال ساکن 93 گ ب ننکانہ صاحب کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس نے زخمی حالت میں پکڑے جانیوالے ڈاکو اسلحہ برآمد کر لیا ہے جبکہ اسکے فرار ہونیوالے ساتھی ڈاکو کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں تاہم پولیس مصروف کارروائی ہے۔




