امام حسین کی دین اسلام کی سربلندی کیلئے جدوجہد مینارہ نور ہے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) نواسہِ رسول ۖ سیدنا حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ نے تسلیم و رضا کے وہ لا زوال نقوش چھوڑے صدیاں بیت گئیں لیکن ان کی خوشبو دنیائے اسلام اب بھی پا رہی ہے ان خیالات کا اظہار عالمی مبلغ صاحبزادہ سید محمد معصوم شاہ نے جمعیت مشائخ پاکستان کے زیرِ اہتمام پیغامِ حسین علیہ السلام کانفرنس میں دوران خطاب کیا اس موقع پر ملک کے ممتاز عالم دین علامہ محمد ریاض کھرل نے کہا نواسہ ِخاتم النبیین صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی اقامت دین کی جدوجہد رہتی دنیا تک مشعلِ راہ ہے ضرورت ہے کہ مجالس جلوس و اجتماعات میں علما وذاکرین پیغامِ حسین امن اتحاد بین المسلمین محبت علم اخوت یگانگت بھائی چارہ ملی یکجہتی کا درس عام کریں ، اہلِ اسلام سے اپیل کرتے ہیں کہ اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھام لو اور تفرقات میں مت بٹو اور ریاستی نظم کا ساتھ دو تاکہ اسلام اور پاکستان کے دشمنوں کے مذموم ارادوں کو خاک میں ملا سکیں پیر محمد صدیق الرحمن احمد خالقی پیر سید محمد عبدالقیوم شاہ پیر سید اوصاف علی شاہ مولانا امتیاز حسین خان بلوچ علامہ محمد فیاض معصومی ودیگر مقررین نے ملی یکجہتی کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا اور کہا کہ تمام علما و ذاکرین ایسی اشتعال انگیز تقاریر سے گریز کریں جس سے کسی کی دل آزاری ہو سب اپنے دائرہ کار میں رہتے ہوئے ایام محرم الحرام کو اپنے اپنے عقیدے کے مطابق منائیں اور خاندان نبوت ۖ کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں