جڑانوالہ(نامہ نگار) جڑانوالہ تھانہ صدر پولیس کی مبینہ چشم پوشی کے باعث آئس، ہیروئین، چرس کی فروخت میں خطرناک حد تک اضافہ کا انکشاف،نشہ کی فروخت نے سینکڑوں نوجوان نسل کی زندگیوں کو برباد کر دیا،عوامی سماجی حلقوں کا ارباب اختیارسے نوٹس لینے کا مطالبہ، تفصیلا ت کے مطابق آر پی او فیصل آباد سہیل اختر سکھیرا نے تمام تھانہ جات کے ایس ایچ اوز کو ہدایات جاری کی ہے کہ تمام تھانہ جات کے ایس ایچ اوز بلاامتیاز منشیات فروشوں کیخلاف کریک ڈائون جاری رکھیں اور نوجوان نسل کی زندگیوں کو برباد کرنے والے منشیات فروشوں کیخلاف بلاتاخیر مقدمات کا اندراج یقینی بنائیں آر پی او فیصل آباد کی واضح ہدایات کے باوجود ایس ایچ او تھانہ صدر جڑانوالہ نے منشیات فروشوں کیخلاف کارروائیاں کرنے کی بجائے مبینہ طور پر چشم پوشی اختیار کی ہوئی ہے جسکے باعث تھانہ صدر کی حدود میں آئس چرس ہیروئن اور شراب کی فروخت میں مبینہ طور پر اضافہ کا انکشاف ہوا ہے منشیات کی فروخت میں مبینہ اضافے کے باعث نہ صرف جرائم کی شرح میں اضافہ کا انکشاف ہوا ہے بلکہ سینکڑوں نوجوانوں کی زندگیاں دا ئوپر لگ چکی ہے نشے کی لعنت میں مبتلا نوجوان مبینہ طور پر وارداتوں میں بھی ملوث ہو چکے ہیں جسکے باعث والدین میں شدید پریشانی پائی جا رہی ہے عوامی سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ منشیات فروشوں کو مبینہ طور پر چند پولیس اہلکار کی مبینہ پشت پناہی حاصل ہے منشیات کی فروخت میں خطرناک حد تک اضافہ پولیس کے اعلی حکام کیلئے لمحہ فکریہ ہے عوامی سماجی حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، آئی جی پنجاب رائو عبدالکریم، آر پی او فیصل آباد سہیل اختر سکھیرا اور ایس پی ٹائون جڑانوالہ سے پر زور مطالبہ کیا ہے کہ پولیس تھانہ صدر کی مبینہ لاپرواہی و غفلت کا نہ صرف نوٹس لیا جائے بلکہ نوجوان نسل کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کیلئے منشیات کی فروخت میں ملوث سماج دشمن عناصر کیخلاف بھرپور کریک ڈائون کیا جائے۔




