ریلوے اثاثوں کے تحفظ کیلئے عملی اقدامات جاری

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر ریلو ے محمد حنیف عباسی کی موثر پالیسیوں اور اصلاحاتی وژن کے تحت پاکستان ریلویز میں قومی اثاثوں کے تحفظ اور ادارہ جاتی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے لاہور انعام اللہ خان نے کامیاب انسدادِ تجاوزات آپریشن میں نمایاں کردار ادا کرنے والے ریلوے پولیس اور ریلوے کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افسران و اہلکاروں کو تعریفی اسناد سے نوازا۔ان افسران و اہلکاروں نے 3 جون 2026 کو فیصل آباد میں کیے گئے انسدادِ تجاوزات آپریشن کے دوران تقریبا 40 سال سے ناجائز قبضے میں موجود کروڑوں روپے مالیت کی ریلوے اراضی واگزار کروانے میں اہم کردار ادا کیا۔ اس کے علاوہ ریلوے پھاٹک چیچو کی ملیاں کے مقام پر ریلوے حدود سے گزرنے والی غیر قانونی 11KV لائن فیڈر کے کنکشن کو بھی منقطع کیا گیا، جس سے ریلوے املاک کے تحفظ اور قوانین پر موثر عملدرآمد کو یقینی بنایا گیا۔وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کی پالیسیوں کے مطابق نہ صرف قومی مفاد میں مثر کارروائیاں کی جا رہی ہیں بلکہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران و اہلکاروں کی حوصلہ افزائی بھی کی جا رہی ہے۔ یہ اعزاز اس عزم کا مظہر ہے کہ پاکستان ریلویز قومی اثاثوں کے تحفظ، قانون کی بالادستی اور ادارہ جاتی بہتری کے لیے اپنی کوششیں بھرپور انداز میں جاری رکھے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں