پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی’ ثمرات عوام تک پہنچائے جائیں (اداریہ)

وزیراعظم شہباز شریف نے عوام کیلئے پٹرولیم قیمتوں میں بڑے ریلیف کا اعلان کر دیا۔ قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا جس کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 74 روپے 28پیسے ڈیزل کی قیمت میں 67 روپے 31 پیسے فی لیٹر کمی کر دی گئی ہے۔ نوٹیفکیشن کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 299 روپے 50پیسے’ ڈیزل کی نئی قیمت 34روپے 47 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے، نئی قیمتوں کا اطلاق فوری طور پر ہو گا اور یہ ایک ہفتے کے لیے مؤثر رہیں گی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے پٹرول کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی مشکلات کا بخوبی اندازہ ہے، مشکل صورتحال میں صبر وتحمل کے بے مثال مظاہرے اور حکومت کا ساتھ دینے پر عوام کے تہہ دل سے مشکور ہیں جو وعدہ قوم سے کیا تھا، الحمدﷲ وہ پورا کرنے جا رہے ہیں۔ وفاقی حکومت نے ترقیاتی بجٹ سے اور کفایت شعاری سے کی گئی بچت کے ذریعے 129 ارب استعمال کر کے عوام کو تیل کی قیمتوں میں بے پناہ اضافے سے ممکنہ حد تک ریلیف فراہم کیا، ریلیف کی مد میں محروم طبقات کو سبسڈی بھی فراہم کی گئی۔ بہتر منصوبہ بندی کی بدولت نہ کوئی لائن لگی نہ لمبی قطاریں لگیں اور نہ ہی عوام کو کسی قسم کی پٹرولیم مصنوعات کی کمی کا سامنا کرنا پڑا۔ ملکی معیشت کو مستحکم رکھنے کیلئے وفاق اور صوبوں نے مکمل تعاون کیا۔ جس قدر ممکن ہوا عوام کو عالمی مہنگائی کی لہر سے محفوظ رکھنے کیلئے اقدامات اٹھائے، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں جو کمی آئی وہ من وعن عوام کو منتقل کر رہے ہیں۔ معاشی استحکام برقرار رکھنے اور مہنگائی میں مزید کمی کے لیے مؤثر اقدامات بھی جاری رکھیں گے۔ اﷲ تعالیٰ کے فضل سے مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال میں پاکستان کی ثالثی کی بدولت امن ممکن ہوا، پاکستان کو عزت ملی اور اسلام آباد’ مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے، جو ایک تاریخی دستاویز ہے۔ اﷲ تعالیٰ نے یہ عزت واکرام اپنی کمال مہربانی سے تمام پاکستانیوں کو عطا فرمایا۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کرایوں میں کمی کا حکم بھی صادر کر دیا اور اشیائے خوردونوش کے حوالے سے بھی قیمتوں کو اعتدال میں رکھنے کے احکامات بھی جاری کر دیئے ہیں۔ پاکستان کی تاجر برادری نے پٹرولیم مصنوعات کی کمی پر اظہار اطمینان بھی کیا اور اس سے مہنگائی میں کمی اور معاشی سرگرمیوں میں تیزی آئے گی، برآمدات بڑھانے کیلئے بجلی کی قیمتوں میں بھی کمی کرنا ہو گی۔ ٹرانسپورٹ اور گڈز کرایوں میں کمی کیلئے فوری اقدامات کا حکم بھی صادر کر دیا گیا ہے اور مشکل صورتحال میں بھرپور ساتھ دینے پر عوام کا شکریہ بھی ادا کیا۔ پٹرولیم مصنوعات میں نمایاں کمی پر وزیراعظم شہباز شریف اور ان کی پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔ وزیراعظم نے علاقائی صورتحال میں بہتری آنے پر پٹرولیم مصنوعات کے نرخ میں کمی کا وعدہ پورا کیا اور علاقائی صورتحال کی وجہ سے قوم کو انرجی بحران سے بھی محفوظ رکھا، مشکل وقت میں تاریخ ساز کاوشوں سے دنیا کو انرجی اور بحران سے بچایا۔ پٹرولیم مصنوعات کے نرخ میں کمی کا بھرپور فائدہ عوام تک ہر صورت پہنچنا چاہیے۔ پٹرولیم مصنوعات کے نرخ میں کمی کے پیش نظر اشیائے خوردونوش کے نرخ بھی نیچے آنے چاہیے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق بھی فوری طور پر ہونا چاہیے، چھوٹے دکانداروں کو بھی خصوصاً گلی محلوں میں کنٹرول ریٹ پر اشیائے خوردونوش کو فروخت کرنا ہو گا۔ جب پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان ہوتا ہے تو کرایوں میں کمی نہیں کی جاتی اگر کی بھی جاتی ہے تو برائے نام، گزشتہ روز پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اعلان کے ساتھ ہی ٹرانسپورٹ کرایوں میں 15 فیصد کمی کا اعلان تو کیا گیا ہے لیکن کرایوں میں یہ کمی ناکافی ہے۔ جس تناسب سے پٹرولیم کی قیمتوں میں کمی ہوئی اسی تناسب سے کرایوں میں بھی کمی کو یقینی بنایا جائے۔ جب ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوتا ہے تو ہر چیز کی قیمت میں اضافہ بھی ہو جاتا ہے۔ لہٰذا ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی کے ساتھ ساتھ اشیائے ضروریہ کی چیزوں میں بھی فی الفور کمی کا اعلان کیا جائے تاکہ عام آدمی تک پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اضافہ پہنچ سکے اور عام آدمی بھی خوشحالی کی زندگی بسر کر سکے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اطلاق برقرار رکھنا ہو گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں