فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان ریلوے پرائیویٹ گڈز کنٹریکٹرز کے رہنمائوں سرپرست چوہدری محسن سلیم، چوہدری شاہد مختار، رانا رضا، آفتاب احمد، عمران احمد، رانا زاہد و دیگر نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ محکمہ ریلوے نے پرائیویٹ ریلوے گڈز کے 13 رجسٹرڈ کنٹریکٹرز سے بجلی کے ماہانہ ہزاروں روپے بل وصولی کے باوجود بجلی منقطع کر دی ہے۔ ریلوے فیصل آباد کنٹریکٹرز سے ماہانہ مکمل ریکوری کر رہا ہے اس کے باوجود دس دن سے بجلی کٹنے سے کاروبار تباہ ہو چکا ہے۔ ریلوے حکام فوری طور پر ریلوے مال گوداموں کی بجلی بحال کروائیں۔ ٹھیکیداروں نے احتجاجی پریس کانفرنس میں صحافیوں کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے مزید بتایا کہ ریلوے مال گودام میں بجلی کٹنے سے شدید گرمی میں پانی، واش روم اور دیگر سہولیات کے فقدان سے لیبر بھی کام پر راضی نہیں ہو رہی اور مزدور سہولیات فراہم کرنے تک کام کرنے کو تیار نہیں۔انہوں نے کہا ریلوے مال گودام ٹریک پر کئی کئی فٹ گھاس اور گندگی ہے مگر ریلوے مال گودام ٹھیکیداروں سے ایک ایک انچ کا کرایہ اور چارجز وصول کر رہی ہے۔ ریلوے حکام ماہانہ بل وصول کرنے کے باوجود 39 لاکھ روپے کا ڈیفالٹر کیوں ہے؟ انہوں نے کہا ریلوے فریٹ ٹرینیں زید بی سی 304305 کراچی فیصل آباد کیلئے 36گھنٹے کے معاہدے کے باوجود کئی کئی ہفتے ٹرینیں لیٹ ہوتی ہیں۔ وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف، وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی، ڈی ایس ریلوے میڈم انعم، ایس ایس فیصل آباد و دیگر حکام فوری نوٹس لے کر مسئلہ حل کروائیں۔




