ساہیوال ( بیورو چیف)ساہیوال ضلعی انتظامیہ کی غفلت اور ناقص کارکردگی شہریوں کی جان و مال کے لیے سنگین خطرہ بنتی گی۔ کروڑوں روپے کے ترقیاتی فنڈز خرچ کیے جانے کے باوجود کیپٹن عثمان شہید اوورہیڈ برج کی اسٹریٹ لائٹس طویل عرصے سے خراب اوورہیڈ برج اندھیرے میں ڈوب گیا.تفصیلات کے مطابق ساہیوال ضلعی انتظامیہ کی غفلت اور ناقص کارکردگی شہریوں کی جان و مال کے لیے سنگین خطرہ بنتی جا رہی ہے۔ کروڑوں روپے کے ترقیاتی فنڈز خرچ کیے جانے کے باوجود کیپٹن عثمان شہید اوورہیڈ برج کی اسٹریٹ لائٹس طویل عرصے سے خراب پڑی ہیں، جس کے باعث رات کے وقت پورا اوورہیڈ برج مکمل اندھیرے میں ڈوبا رہتا ہے۔ شہریوں، مسافروں اور موٹر سائیکل سواروں کو شدید مشکلات اور جان لیوا خطرات کا سامنا ہے۔مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ اندھیرے کے باعث متعدد ٹریفک حادثات رونما ہو چکے ہیں اور کئی افراد زخمی بھی ہوئے، مگر ضلعی انتظامیہ، متعلقہ محکمے اور ذمہ دار افسران صورتحال کا نوٹس لینے کے بجائے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو کسی بڑے سانحے کا خدشہ موجود ہے، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔ساہیوال کے شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب اور کمشنر ساہیوال سے فوری نوٹس لینے، غفلت کے مرتکب افسران کے خلاف سخت کارروائی کرنے اور کیپٹن عثمان شہید اوورہیڈ برج کی اسٹریٹ لائٹس فوری طور پر فعال کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ شہریوں کو محفوظ سفری سہولت فراہم کی جا سکے اور مزید حادثات سے بچا جا سکے۔




