چنیوٹ (نامہ نگار) سی سی ڈی کیساتھ مبینہ مقابلہ میں 3خطرناک ڈاکو ہلاک جبکہ ان کے ساتھی موقع سے فرار ہو گئے۔ چنیوٹ جھنگ روڈ پر تھانہ بھوآنہ کے علاقہ میں مبینہ سی سی ڈی ٹیم زیر حراست ملزمان کو مال مسروقہ ریکور کروا کے واپس آ رہی تھی کہ ان کے مسلح ساتھیوں نے سی سی ڈی ٹیم پر فائرنگ کر دی اور ملزمان کو حراست سے چھڑوا کر فرار ہو گئے، سی سی ڈی نے بھاری نفری موقع پر طلب کر لی گئی اور فرار ڈاکوں کا تعاقب کیا گیا۔ جامع آباد کے قریب چک نمبر 157ج ب کے قریب سی سی ڈی ٹیم اور ڈاکوئوں کے درمیان مقابلہ میں 3ڈاکو مارے گئے۔ مرنے والے ڈاکوئوں کی شناخت علی رضا’ عمران علی اور ارمان کے نام سے ہوئی۔ سی سی ڈی تھانے میں دو مقدمات درج کر لئے گئے، فرار ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔دریں ثناء ۔فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ نشاط آباد کے علاقہ پل پھٹیاں کے قریب سی سی ڈی ٹیم کیساتھ مبینہ مقابلہ میں ریکارڈیافتہ ڈاکو کاشف عرف کاشی اپنے انجام کو پہنچ گیا جبکہ اس کے دو ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ہو گئے، پولیس نے نعش پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے اس کے فرار ہونیوالے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ سی سی ڈی لائلپور ٹائون کے انچارج انسپکٹر حسن صدیق چیمہ اور انچارج سی سی ڈی اقبال ڈویژن علی اکرام گورائیہ نے خطرناک ڈاکوئوں کی اطلاع پر نشاط آباد کے علاقہ پل پھٹیاں پر ناکہ بندی کے دوران مشکوک موٹرسائیکل سواروں کو رُکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی، فائرنگ کا سلسلہ آدھا گھنٹہ تک جاری رہا۔ تاہم فائرنگ کا تبادلہ رُکنے پر پولیس نے سرچ آپریشن کیا تو ایک ملزم زخمی حالت میں پڑا تھا۔ جس نے اپنا نام کاشف عرف کاشی سکنہ 221 رب بتایا جسکو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال لایا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں ہی زخموںکی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ مارا جانیوالا ڈاکو ڈولفن اہلکار اور دوران واردات مختلف شہریوں کو زخمی کرنے سمیت 50 سے زائد وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھا۔ تاہم سی سی ڈی نے نعش کو ہسپتال منتقل کر کے اس کے فرار ہونیوالے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔




