فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) عشرہ محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کیلئے ڈویژنل وضلعی،پولیس انتظامیہ،پاک آرمی کا مشترکہ فلیگ مارچ ہوا۔کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں،آرپی او سہیل اختر سکھیرا،بریگیڈیئر پاک آرمی یاسین،ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر،سی پی او تنویر حسین،کرنل پاک آرمی عدیل،رینجرز کے افسران نے قیادت کی۔فلیگ مارچ میں پاک آرمی،پولیس،ایلیٹ فورس، ریسکیو1122 کی گاڑیوں نے حصہ لیا۔پولیس لائینز سے شروع ہونے والا فلیگ مارچ جیل روڈ،نڑوالا روڈ،جناح کالونی،مرکزی امام بارگاہ،راجباہ روڈ،بیرون جھنگ بازار،کارخانہ بازار،گمٹی چوک،جھال خانوآنہ اوور ہیڈ برج، ستیانہ روڈ،گیٹانوالہ چوک،پہاڑی گرائونڈ سے ہوتا ہوا واپس پولیس لائینز اختتام پذیر ہوا۔کمشنر نے کہا کہ فلیگ مارچ کا مقصد عشرہ محرم الحرام میں شہریوں کو امن و امان،تحفظ کا احساس دلانا ہے۔انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے باقی ایام میں بھی سکیورٹی کے تمام انتظامات مکمل ہیں۔




