لاہور(بیورو چیف)پاکستانیوں نے پانچ روز میں 3کھرب ایرانی ریال خرید لئے، ایران امریکہ مفاہمت کے بعد چند دن میں ایرانی ریال کی قدر میں 100 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ملک بوستان نے بتایا کہ پاکستان میں ایرانی ریال کی خریدوفروخت قانونی ہے اور ان دنوں پاکستان کی مڈل کلاس ایرانی ریال خرید رہی ہے،دو ہزار میں ایک کروڑ ملنے والے ایرانی ریال کی قیمت چار ہزار روپے ہوگئی ہے۔انہوںنے کہا کہ عوام لائسنس یافتہ منی چینجرز سے ایرانی ریال خریدیں، کراچی سے باہر اور دور دراز شہروں میں ایرانی ریال کی قیمت زیادہ ہے، ایران امریکہ ایم او یو پر دستخط کے بعد خریداری میں نمایاں اضافہ ہوا، 2018 میں ایرانی ریال کی قدر 12 ہزار سے بڑھ کر 60 ہزار فی کروڑ تک پہنچی تھی، ایران پر پابندیاںلگنے پر ایرانی ریال 60 ہزار سے گرتے گرتے 2 ہزار روپے فی کروڑ تک آ گیا تھا۔ملک بوستان نے کہا کہ ایک ماہ میں 275000 روپے کے ایرانی ریال خریدے جا سکتے ہیں، ایک ڈالر کی قدر عالمی سطح پر 16 لاکھ اور پاکستان میں 13 لاکھ ایرانی ریال ہے، 60 فیصد لوگ ایک لاکھ روپے تک کے ایرانی ریال خرید رہے ہیں۔




