ملک میں استحکام کیلئے قومی اتحاد ناگزیر ہے،طاہر محمود اشرفی

چنیوٹ(نامہ نگار)چنیوٹ قومی پیغامِ امن کمیٹی، حکومتِ پنجاب کے زیرِ اہتمام چنیوٹ میں منعقدہ سیمینار میں تمام مکاتبِ فکر کے علما کرام نے شرکت کی جبکہ سیمینار کی صدارت چیئرمین پاکستان علما کونسل اور وزیرِ اعظم کے کوآرڈینیٹر برائے قومی پیغامِ امن کمیٹی علامہ طاہر محمود اشرفی نے کی مشترکہ اعلامیے میں محرم الحرام کے دوران امن، مذہبی ہم آہنگی اور پیغامِ پاکستان ضابط اخلاق پر مکمل عملدرآمد کے عزم کا اعادہ کیا گیا جبکہ نفرت انگیز تقاریر اور انتشار پھیلانے والے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی پر زور دیا گیا۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے علامہ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ ایران اسرائیل کشیدگی کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر نے امن کے قیام، امت مسلمہ کے اتحاد اور سفارتی کوششوں میں اہم کردار ادا کیا جسے دنیا تسلیم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دفاعی اور سفارتی محاذ پر کامیابیاں حاصل کیں جبکہ امریکہ، سعودی عرب، ایران، قطر، یو اے ای اور دیگر ممالک نے پاکستانی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں امن و استحکام کے لیے قومی اتحاد ناگزیر ہے اور محرم الحرام کے دوران ہر شہری کو امن دشمن عناصر اور انتشار پھیلانے والی سازشوں کو ناکام بنانے میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں