حق کا علم بلند رکھنے والے کبھی شکست نہیں کھاتے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی سنٹرل پنجاب یوتھ کے پولیٹیکل کوآرڈینیٹر چوہدر ی میمون حسین نے محرم الحرام پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ نواسہ رسول ۖ حضر ت امام حسین اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانی رہتی دنیا تک حق و باطل کے درمیان فرق کی روشن مثال ہے۔ کربلا کا پیغام صرف ایک تاریخی واقعہ نہیں بلکہ ہر دور کے ظالم، جابر اور استحصالی نظام کیخلا ف جدوجہد کا استعارہ ہے۔انہوں نے کہا کہ آج جب عوام مہنگائی، بے روزگاری اور مختلف معاشی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں تو ہمیں حضرت امام حسین کی سیرت سے یہ سبق ملتا ہے کہ حق، انصاف اور عوامی حقوق کے لیے ہر قربانی دی جا سکتی ہے مگر اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔چوہدری میمون حسین نے کہا کہ محرم الحرام ہمیں فرقہ وارانہ نفرت سے دور رہنے، قومی یکجہتی کو فروغ دینے اور پاکستان کی ترقی و استحکام کے لیے متحد ہونے کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ شہدائے کربلا کے پیغامِ صبر، برداشت، بھائی چارے اور مظلوم کی حمایت کو اپنی زندگیوں کا حصہ بنائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں