فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) الفیاض کالونی اور اس سے ملحقہ ستیانہ روڈ کے علاقوں میں سیوریج کے بڑھتے ہوئے مسائل کے حل کے لیے علاقے کی معروف سماجی شخصیات سابق چیئرمین میاں الیاس کے ڈیر ے پر اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں معززین علاقہ اور شہری نمائندوں نے مشترکہ طور پر مختلف گلیوں اور سڑکوں کا دورہ کیا اور متاثرہ علاقوں کی صورتحال کا جائزہ لیا۔اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سابق ایم پی اے شیخ محمد یوسف نے موقع پر پہنچ کر معززین علاقہ سے مذاکرات کیے اور مسائل کے حل کی یقین دہانی کروائی اور واسا سے متاثرہ علاقے کا معائنہ بھی کیا،اس موقع پرسابق چیئرمین میاں الیاس، توصیف نواز خان، رانا لیاقت، توصیف یوسف خان، رانا عاشق علی، عامر جمیل، محمد سرفراز، محمد مجاہد، میاں کاشف، محمد محمود، محمد طاہر سلیم، میاں فیصل اور دیگر معززین شریک تھے۔وفد نے دورے کے دوران سیوریج لائنوں کی بندش، گلیوں میں کھڑے گندے پانی اور شہریوں کو درپیش مشکلات کا تفصیلی مشاہدہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سابق ایم پی اے شیخ محمد یوسف کو کروایا، اس موقع پر اہلِ علاقہ کے وفد نے انکو بتایا کہ طویل عرصے سے سیوریج کا نظام خراب ہونے کے باعث روزمرہ زندگی شدید متاثر ہو رہی ہے۔ گندے پانی کے جمع ہونے سے نہ صرف آمدورفت میں دشواری کا سامنا ہے بلکہ تعفن اور مچھروں کی افزائش کے باعث مختلف بیماریوں کے پھیلنے کا خدشہ بھی بڑھ گیا ہے۔وفد کے اراکین نے کہا کہ بنیادی سہولیات کی فراہمی ہر شہری کا حق ہے اور متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متعدد بار متعلقہ حکام کی توجہ اس اہم مسئلے کی جانب دلائی جا چکی ہے لیکن ابھی تک کوئی موثر اور مستقل حل سامنے نہیں آ سکا۔اس موقع پرپاکستان مسلم لیگ (ن) کے سابق ایم پی اے شیخ محمد یوسف اور سابق چیئرمین میاں الیاس نے متاثرہ سے انکے مطالبات حل کروانے کی یقین دہائی کروائی اور کہاکہ متعلقہ محکمے فوری طور پر سیوریج لائنوں کی صفائی، مرمت اور نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات کریں گئے تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ اگر مسئلہ جلد حل نہ کیا گیا تو اہلِ علاقہ کے ساتھ احتجاج میں ہم بھی شریک ہوں گئے،علاقہ مکینوں نے وفد کے دورے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کی کاوشوں سے الفیاض کالونی کے دیرینہ سیوریج مسائل جلد حل ہوں گے اور شہریوں کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول میسر آئے گا۔




