پنجاب کے19اضلاع پولیو وائرس سے پاک ہونیکی تصدیق

لاہور(بیوروچیف)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے کو پولیو وائرس سے پاک کرنے کے لئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی پنجاب کے 19 اضلاع سے لیے گئے31 نمونے پولیو وائرس سے پاک ہونے کی تصدیق کو سراہا گیا۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق لاہور، ملتان، فیصل آباد، اٹک، بہاولپور، بہاولنگر، ڈی جی خان، گوجرانوالہ، گجرات اور جھنگ کے پولیو وائرس کے نمونے منفی آئے ہیں۔ پولیو وائرس کے منفی نمونوں میں خانیوال، میانوالی، اوکاڑہ، راجن پور، راولپنڈی، رحیم یار خان، ساہیوال، سرگودھا اور سیالکوٹ سرفہرست ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے محکمہ صحت، عالمی پارٹنرز اور پولیو خاتمے کی پوری ٹیم کو خصوصی شاباش دی۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الحمد للہ،تاریخ میں پہلی مرتبہ 19اضلاع سے حاصل کردہ پولیو ماحولیاتی سیمپلز منفی آئے ہیں۔ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار ہائی رسک اضلاع سے بھی پولیو ماحولیاتی سیمپل منفی آئے ہیں۔ ڈبلیو ایچ او اور عالمی پارٹنرز کے تعاون کو بھی سراہتے ہیں۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ ہر یونین کونسل میں موجود پولیو ورکرز،والنٹیرز، سپروائزرز اور مانیٹرز اس کامیابی کے حقیقی ہیرو ہیں۔ پنجاب پولیو فری مستقبل کے پہلے سے کہیں زیادہ قریب پہنچ چکا ہے۔پولیو وائرس کی گردش میں نمایاں کمی حکومت کی مؤثر حکمتِ عملی کا ثبوت ہے۔ہائی رسک سپاٹس میں پولیو کا خاتمہ مضبوط سیاسی عزم اور فول پروف مانیٹرنگ کی بڑی مثال ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہاکہ پولیو وائرس ہائی رسک یونین کونسلز، موبائل اور تارکین وطن آبادیوں تک رسائی کو یقینی بنایا۔پنجاب کے ہر بچے سے مجھے پیارہے،ہر قسم کی معذوری سے بچانا میری اولین ترین ترجیح ہے۔منفی سیمپلز بڑی کامیابی سہی، لیکن مکمل خاتمے تک غفلت کی کوئی گنجائش نہیں۔جب تک آخری بچے کو تحفظ نہیں مل جاتا، پولیو کے خلاف ہماری جنگ مسلسل جاری رہے گی۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب کے عوام پولیو کے خلاف اپنا کردار ادا کریں۔ پولیو کا خاتمہ صرف حکومت کا نہیں، ہر گھر، ہر کمیونٹی اور ہر محلے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ پولیو ٹیموں سے تعاون کریں،دروازہ بند نہ کریں، یہ ٹیمیں آپ کے بچوں کے تحفظ کیلئے آتی ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ والدین بچوں کو پولیو سے بچانے کے قطرے ضرور پلائیں،یہ آپکے بچے کی زندگی بھر کی صحت کی ضمانت ہے۔ پنجاب کو پولیو فری بنانا مشترکہ مشن ہے، علما، کمیونٹی رہنماؤں اور عوام کے تعاون کے بغیر یہ مشن پورا نہیں ہو سکتا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں