سردار بہادر خان ڈوگر کے اسمبلی میں 4مطالبات پیش

جڑانوالہ(نامہ نگار) ممبر صوبائی اسمبلی سردار خان بہادر ڈوگر نے پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں جڑانوالہ کو ضلع بنانے سمیت 4 مطالبات پیش کر دئیے ہیں جن میں ہائیر ایجوکیشن یونیورسٹی، میڈیکل کالج اور250 بیڈز پر مشتمل میاں نواز شریف جنرل ہسپتال شا مل ہیں کے سردار خان بہادر ڈوگر نے اپنی تقریر کے دوران کہا کہ 2013میں سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف جڑانوالہ آئے تھے اور ایک بڑیجلسے سے خطاب کے دوران جڑانوالہ کو ضلع بنانے کا وعدہ کیا تھا مجھے یقین ہے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف جڑانوالہ کے عوام سے کیا گیا یہ وعدہ ضرور پورا کریں گی۔سردار خان بہادر ڈوگر نے کہا کہ جڑانوالہ پنجاب کی سب سے بڑی تحصیلوں میں شمار ہوتی ہے اور اس کی آبادی تقریباً 19لاکھ کے قریب ہے،مگر اتنی بڑی آبادی کیلئے صحت کے شعبہ میں بنیادی سہولیات ناکافی ہیں جڑانوالہ میں صرف ایک تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال موجود ہے،جہاں اکثر ادویات اور ڈاکٹرز کی کمی رہتی ہے،جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے لہٰذا 250بیڈز پر مشتمل میاں نواز شریف جنرل ہسپتال بنایا جائے۔ انہوں نے تعلیمی مسائل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جڑانوالہ میں تاحال کوئی یونیورسٹی قائم نہیں کی گئی، جس کی وجہ سے اعلیٰ تعلیم کے حصول کیلئے طلبہ و طالبات کو فیصل آباد اور لاہور جیسے بڑے شہروں کا رخ کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ جڑانوالہ میں فوری طور پر یونیورسٹی اور میڈیکل کالج کے قیام کا اعلان کیا جائے تاکہ طلبا و طالبات کو اپنے ہی شہر میں معیاری اعلی تعلیم میسر آسکے۔ایم پی اے سردار خان بہادر ڈوگر نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے مطالبہ کیا کہ جڑانوالہ کی بڑھتی ہوئی آبادی، عوامی ضروریات اور بنیادی سہولیات کی کمی کو مدنظر رکھتے ہوئے جڑانوالہ کو ضلع کا درجہ دینے،صحت کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے ٹی ایچ کیو ہسپتال میں ڈاکٹرز اور ادویات کی فراہمی یقینی بنانے اور جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ تعیلم کے فروغ کیلئے یونیورسٹی و میڈیکل کالج کے قیام کیلئے فوری عملی اقدامات کئے جائیں انہوں نے کسانوں کو فراہم کردہ سہولیات میں مزید بہتری لانے کی تجاویز پیش کیں سردار خان بہادر ڈوگر نے عوام دوست بجٹ پیش کرنے پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور انکی پوری کابینہ کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ صوبہ پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں اور میگا پراجیکٹس کی تعمیر وزیر اعلی مریم نواز شریف کی قائدانہ صلاحیتوں کا ثمر ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں