ممبئی (شوبز نیوز) نامور بالی ووڈ اداکار اکشے کمار نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل دور میں طنز و مزاح کا کام مزید چیلنجنگ ہو گیا ہے۔ میمز اور ریلز کے دور میں لوگوں کو ہنسانا سب سے مشکل کام ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی نئی آنے والی ایکشن کامیڈی فلم “ویلکم ٹو دی جنگل” کی پروموشن کے دوران ایک انٹرویو میں کیا۔اکشے کمار کا کہنا تھا کہ آج کے دور میں کامیڈی کرنا بہت زیادہ مشکل ہو چکا ہے۔ اس وقت ہر طرف ریلز، میمز اور کامیڈی مواد کی بھرمار ہے۔ تاہم، کامیڈی ایک بہت بڑے دریا کی طرح ہے جو کبھی خشک نہیں ہوتا۔ اس کی کئی اقسام ہیں، جیسے فزیکل کامیڈی، سچویشنل کامیڈی، سلیپ اسٹک اور ڈارک ہیومر۔انہوں نے حالیہ برسوں میں ابھرتے ہوئے اسٹینڈ اپ کامیڈی کے رجحان کی تعریف کرتے ہوئے کہا، لوگوں کو ہنسانے کے بے شمار طریقے ہیں۔ اگر آپ انسٹاگرام کھولیں تو وہاں لامتناہی مضحکہ خیز ویڈیوز موجود ہیں اور لوگ روزانہ کامیڈی دیکھ رہے ہیں۔ بہت سے باصلاحیت اسٹینڈ اپ کامیڈینز روز نیا مواد تیار کر رہے ہیں۔




