فیصل آباد میں ڈکیتی،چوری کی 27سنگین وارداتیں،لاکھوں کا نقصان

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) فیصل آباد میںڈکیتی ، راہزنی اور چوری کی 27سنگین وارداتوں کے دوران لاکھوں کا مال واسباب لوٹ لیا گیا، متعدد شہریوں کی موٹرسائیکلیں چور لے اڑے، جبکہ اوباش افراد نے سبز باغ دکھا کر دوشیز ہ کو بے آبرو، 3خواتین اور نوجوان کو اغواء کر لیا، پولیس نے مغویان کی بازیابی کیلئے ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔ تفصیل کے مطابق نشاط آباد کے علاقہ 100ج ب کڑی والا کے زاہد اقبال نے بتایا کہ اوباش ملزم عمران آدھی رات کو گھر میں داخل ہوا گن پوائنٹ پر اس کی بیٹی (ع) کو ہوس کا نشانہ بنا ڈالا اور فحش ویڈیو بنا کر بلیک میل بھی کرتا رہا، ملت ٹائون کے علاقہ 119ج ب کے احمد کی اہلیہ (خ) کو اوباش ملزم شہروز وغیرہ، ٹھیکری والا کے علاقہ 75ج ب کے رہائشی عباس نے بتایا کہ اس کی بھانجی (ج) کو نامعلوم ملزمان، جڑانوالہ کے 53گ ب کی رضیہ بی بی کی بیٹی (س) کو اوباش ملزم ناصر وغیرہ نے اغوا کر لیا، تھانہ ایئر پورٹ کے علاقہ 66ج ب کے رہائشی سجاد علی کا بیٹا کھیلنے کیلئے گھر سے نکلا واپس نہ آیا، پولیس مصروف تفتیش ہے۔ جھنگ بازار کے علاقہ سیف آباد نمبر1کے جاوید اقبال سے گن پوائنٹ پر موٹر سائیکل، نقدی وفون چھین لیا، تیمور اڈا کے قریب ناظم کی دکان سے چور بیٹریاں اتار کر لے گئے، ملت ٹائون کے ظفر اقبال کے گھر سے لاکھوں کا مال و زر چور لے اڑے، عبداللہ پور کے قریب ہمایوں رشید سے 10ہزار وفون چھین لیا، سمن آباد سے نعیم سے جھپٹا مار کر قیمتی فون چھین لیا، 81گ ب کے خالد کے ڈیرہ سے پیٹر انجن چوری، خانوآنہ کے قریب شکیل احمد سے 40ہزار وفون، لیاقت ٹائون کے اشتیاق کے گھر کے تالے توڑ کر لاکھوں کے زیورات’ نقدی وفون قیمتی سامان چوری، گیلانی محلہ جڑانوالہ کے صادق سلیم سے لیپ ٹاپ وفون، لنک روڈ شہروآنہ کے بشارت علی سے 75ہزار وفون چھین لیا، 23گ ب کے یاسر اکرم سے 75ہزار وفون چھین لیا، 71گ ب کے عبدالرحمن کے ڈیرہ سے بکرے چور لے گئے، 266ر۔ب کے قریب فیصل سے ڈیڑھ لاکھ وفون، 109ر۔ب کے قریب عدیل سے موٹرسائیکل، نقدی وفون، 228گ ب کے اظہر محمود سے نقدی وفون اور دیگر سے لاکھوں کا مال واسباب لوٹ لیا، پولیس سماج دشمن عناصر کا سراغ نہ لگا سکی۔ علاوہ ازیں 213ر۔ب کے عرفان مسیح، محمود آباد کے یحییٰ فاروق، جھنگ روڈ سے بابر حسین، اپوا ہسپتال سے اسامہ احمد، جڑانوالہ تحصیل ہسپتال سے عاطف اور دیگر کی موٹر سائیکلیں اور رکشے چور لے اڑے، پولیس شہر بھر کی ناکہ بندیوں کے باوجود سماج دشمن عناصر کا سراغ لگانے میں کامیاب نہ ہو سکی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں