رینجرز ہیڈ کوارٹر پر حملہ ناکام،3دہشتگرد ہلاک

کراچی (بیوروچیف) کراچی میں بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد تنظیم جماعت الاحرار نے پاکستان رینجرز سندھ کے کیمپ پر حملہ’3جوان شہید’4زخمی’سکیورٹی فورسز کی بروقت جوابی کارروائی میں 3دہشتگرد ہلاک اور ایک افغان دہشتگرد گرفتار کر لیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی حمایت یافتہ جماعت الاحرار کے خوارج نے کراچی میں رینجرز کیمپ کے مرکزی گیٹ پر دھماکے کے بعد اندر داخل ہونے کی کوشش کی، تاہم سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کے عزائم ناکام بنا دیے، کارروائی کے دوران 3دہشتگرد ہلاک اور ایک زخمی افغان دہشتگرد گرفتار کر لیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں پاکستان رینجرز کے تین جوان بھی شہید اور 4زخمی ہوئے، علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے،عزم استحکام وژن کے تحت دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔فیلڈ مارشل کا کہنا ہے کہ قوم کی حفاظت کے لیے یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں، پاکستان اپنے جوانوں کی شہادت کا بدلہ لینے کے لیے حملے کے ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کرے گا۔ صدر پاکستان آصف علی زرداری نے کراچی میں رینجرز کے کیمپ پر بھارتی پراکسی جماعت الاحرارکے دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی سے جنگ میں قوم اپنے بہادرسپاہیوں کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کریگی، بیرونی سرپرستی میں سرگرم دہشتگرد عناصر کے مذموم عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے، پاکستانی قوم دہشتگردی کیخلاف سکیورٹی فورسز اور قانون نافذکرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ ہے۔ صدر زرداری کا کہنا ہے کہ شہداء کی قربانیاں دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے قومی عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں، شہداء کے اہلِخانہ سے دلی ہمدردی وتعزیت کرتا ہوں اور زخمی اہلکاروں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا گو ہوں۔ دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے بھی کراچی میں رینجرز کیمپ پر بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد تنظیم کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا اور دہشتگرد حملہ ناکام بنانے پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراج تحسین پیش کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں