ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) وزیراعلی پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے ماحول دوست گرین الیکٹرو بسز منصوبے کے تحت ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں جدید، محفوظ اور معیاری پبلک ٹرانسپورٹ کی فراہمی کے سلسلے میں ٹوبہ ٹیک سنگھ سے پیر محل تک گرین الیکٹرک بس سروس کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ کی نگرانی میں اس منصوبے کے لیے 30بس اسٹاپس پر مشتمل تفصیلی روٹ پلان بھی جاری کر دیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو باقاعدہ اور منظم سفری سہولت فراہم کی جا سکے۔گرین الیکٹرک بس سروس کا روٹ جنرل بس اسٹینڈ ٹوبہ ٹیک سنگھ، ڈپٹی کمشنر آفس، نادرا آفس، سبزی منڈی، ڈی ایچ کیو ہسپتال اور 3 مرلہ ہاوسنگ اسکیم سمیت شہر کے اہم مقامات سے گزرے گا۔ اس کے علاوہ روٹ میں چک 296، چک 294، چک 297، ایگریکلچر یونیورسٹی، چک 349، چک 298 اور درس اسٹاپ بھی شامل ہیں۔اسی طرح گرین بس چک 347، گورنمنٹ ہائی سکول چک 347، حیدر شاہ موڑ، کھیخا بنگلہ، 30 موڑ، چک 307 اور چک 342 سے ہوتی ہوئی پیر محل کی جانب سفر کرے گی۔ پیر محل میں اضافی آبادی، شورکوٹ موڑ، نادرا آفس پیر محل، چک 319، غوثیہ چوک، جنرل بس اسٹینڈ، ٹی ایچ کیو ہسپتال، اللہ والا چوک، ریلوے موڑ اور ڈارخانہ موڑ تک شہریوں کو سفری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویڑن کے مطابق ماحول دوست گرین الیکٹرک بس سروس کا مقصد شہریوں کو جدید، محفوظ، آرام دہ، بااعتماد اور کم لاگت سفری سہولت فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے طلبہ، سرکاری و نجی ملازمین، کاروباری افراد اور روزانہ سفر کرنے والے ہزاروں شہری مستفید ہوں گے۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب عوام کو عالمی معیار کی سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور گرین الیکٹرک بس منصوبہ اس سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید پبلک ٹرانسپورٹ نظام نہ صرف شہریوں کے سفر کو آسان بنائے گا بلکہ ماحولیاتی آلودگی میں کمی، ایندھن کی بچت اور پائیدار ترقی کے حکومتی ویڑن کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرے گ




