اﷲ تعالیٰ نے پاکستان کو عزت عطا فرمائی ہے’ احسن اقبال

نارووال (نامہ نگار)وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان نے امریکہ اور ایران کو مذاکرات کی میز پر بٹھا کر دنیا کو تباہی سے بچا لیا، پاکستان کے ساتھ جس نے غداری کی ہے اللہ نے اس سے حساب ضرور لیا ہے، اڈیالہ میں بیٹھے شخص نے کشمیر کے عوام کی قربانیوں کا بھارت کے ساتھ سودا کیا،اس نے مودی کو موقع دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر پر قبضہ کر لے،پاکستان کی بہادر فضائیہ نے بھارت کا جہاز گرا کر پائلٹ ابھی نندن گرفتار کیا، اس نے 24 گھنٹے کے اندر اس کو پھر بھارت کو واپس کر دیا۔۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرگالہ گائوں میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔احسن اقبال نے کہا ایک ایٹمی طاقت کا وزیراعظم جب یہ کہے کہ کیا میں بھارت پہ حملہ کر دوں؟ تو ڈوب مرنے کا مقام ہے ،معرکہ حق میں پاک فضائیہ کے پائلٹوں نے دشمنوں کا شکار کیا۔ہمارے وزیراعظم نے یہ نہیں کہا کہ ہم سے غلطی ہو گئی، ڈنکے کی چوٹ پرکہا کہ دوبارہ آئوگے تو تمہارے اور جہاز گرائیں گے،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں ہماری مسلح افواج نے دشمن کو دندان شکن جواب دیا،کرارے جواب سے بھارت کی چیخیں صدر ٹرمپ تک واشنگٹن پہنچیں۔احسن اقبال نے کہامودی نے صدر ٹرمپ کو کہا کہ جناب ہماری جان بچا ئیںاور صدر ٹرمپ نے پھر جنگ بند کرائی۔ شہباز شریف نے یہ نہیں کہا کہ بھارت نے حملہ کر دیا ہے اب میں کیا کروں؟ ۔شہباز شریف نے پاک فوج کی کمانڈ کو کہا کہ جس زبان میں بھارت حملہ کرے گا، اسے دگنی زبان میں جواب دیا جائے۔انہوں نے کہا امریکہ، ایران 47 سالوں سے ایک میز پر نہیں بیٹھے تھے، پاکستان نے مذاکرات کی میز پر بٹھا دیا، پاکستان نے دنیا میں امن قائم کر دیا۔ پاکستان نے صرف اپنے ملک کے غریبوں کی جنگ نہیں لڑی، پاکستان نے بھارت کے غریبوں کی جنگ بھی لڑی، بنگلہ دیش کے غریبوں کی جنگ لڑی، پوری دنیا کے غریبوں کی جنگ لڑی،پاکستان نے امن قائم کر کے اس دنیا کو تباہی سے بچایا۔آج دنیا کے ہر ملک کا صدر، وزیراعظم پاکستان کا معترف ہے،آج دنیا کے ہر ٹی وی چینل پر پاکستان کے چرچے ہیں، ایک طرف اللہ پاکستان کو عزتوں سے نواز رہا ہے اور دوسری طرف پی ٹی آئی والے سوشل میڈیا پر اپنے ملک اور فوج کے خلاف گھٹیا مہم چلاتے ہیں، یہ وہ غلیظ پروپیگنڈا کرتے ہیں جو بھارت بھی ہمارے ملک کے خلاف نہیں کر سکتا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں