میامی(سپورٹس نیوز) ارجنٹینا کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی نے فیفا ورلڈکپ 2026 کے دوران ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔لیونل میسی اردن کے خلاف میچ میں گول کر کے فیفا ورلڈکپ کے دوران مسلسل 7 میچز میں گول کرنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔انہوں نے یہ نیا ریکارڈ قائم کر کے جسٹ فونٹین اور جائرز ینہو کا مسلسل 6 میچز میں گول کرنے کا ریکارڈ توڑا۔لیونل میسی نے 80 ویں منٹ میں فری کک پر شاندار گول کر کے ارجنٹینا کی برتری کو 1-3 کیا تھا، مسلسل گول کرنے کا سلسلہ قطر ورلڈ کپ 2022 میں آسٹریلیا کے خلاف میچ سے شروع ہوا تھا۔یاد رہے کہ انہوں نے 2022 میں نیدرلینڈز، کروشیا اور فرانس کے خلاف بھی گول کر کے ارجنٹینا کو عالمی چیمپئن بنایا تھا۔2026 ورلڈکپ میں لیونل میسی پہلے الجزائر کے خلاف ہیٹ ٹرک اور آسٹریا کے خلاف 2 گول کرچکے ہیں اور اب اردن کے خلاف گول کے بعد میسی کے ورلڈکپ میں مجموعی گولز کی تعداد 19 ہوگئی ہے۔واضح رہے کہ فرانس کے جسٹ فونٹین نے 1958 جب کہ برازیل کے جائرز ینہو نے 1970 میں مسلسل 6 میچز میں گول کیے تھے۔




